ْ مقبوضہ کشمیر میں حریت کانفرنس کے قائدین کی بلا جواز گرفتاریاں قابل مذمت ہیں، سراج منیر

پیر 23 اپریل 2018 19:27

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اپریل2018ء) مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے مرکزی ممبرمجلس عاملہ شیخ سراج منیر نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں قابض بھارتی فوج بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام کررہی ہے، حریت کانفرنس کے قائدین کی بلا جواز گرفتاریاں قابل مذمت ہیں، نریندر مودی انتہا پسند ہندو حکمران ، عالمی سطح پر بھارتی بربریت کا نوٹس لیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار شیخ سراج منیر نے اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام قابض بھارتی افواج کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور بھارت سے کسی بھی قیمت پر آزادی حاصل کرنا چاہتے ہیں جس کی وجہ سے بھارتی فوج بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور کشمیریوں کی منظم نسل کشی کررہی ہے ،کشمیریوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا جارہا ہے اس کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ حریت بڑھ رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام بھارتی فورسز کی گولیوں اور گولوں کے مقابلے میں پتھر اٹھا کر حق کی آواز بلند کررہے ہیں، پرامن حریت پسند رہنمائوں کو گرفتار کر کے انہیں شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کیا جارہا ہے۔ نوجوانوں کو ٹارچر سیلوں میں بند کیا جارہاہے، ہزاروں افراد آج بھی بھارت کی مختلف جیلوں میں قید ہیں جنہوںنے آزادی کیلئے آواز بلند کی۔

بھارت طاقت کے ذریعے کشمیریوں کو آزادی سے محروم کرنے کی کوشش کررہا ہے 70 برسوں سے کشمیری بھارت سے آزادی حاصل کرنے کیلئے پرامن جدوجہد کررہے ہیں۔ حریت قائدین کی بلا جواز گرفتاریوں پر اقوام عالم کی خاموشی بھی معنی خیز ہے۔ انہوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ بھارت کی انتہاء پسند ہندو تنظیمیں اور ان کی فورسز خواتین کی آبروریزی کررہی ہیں، آٹھ سالہ آصفہ کی بے حرمتی کے بعد قتل بھارتی مکروہ چہرہ کو بے نقاب کررہا ہے ، آصفہ کے قاتلوں کو سرعام سزا ہونی چاہیے انہوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل پاک بھارت اور جنوبی ایشیاء سمیت پوری دنیا کے امن کیلئے ناگزیر ہے اس لیئے اقوام عالم کو اس سلسلہ میں اپنا ٹھوس کردار ادا کرنا ہوگااور کشمیریوں کے حق میں اقوام متحدہ نے جو قراردادیں پاس کی ہیں اس پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا تاکہ خطہ میں امن قائم ہوسکے۔