پارلیمنٹ میں اتنا دم خم نہیں کہ وہ کسی کا مواخذہ کرے، نواز شریف

کسی کے ساتھ کوئی کمپیرومائز نہیں ہوگا حق کی خاطر لڑوں گا تاکہ قوم کے سامنے سچ آئے، سابق وزیراعظم مارشل لاء کا راستہ روکنے کی باتیں کرنے والے خود مارشل لاء لگا کے بیٹھے ہوئے ہیں،ہسپتالوں‘ سکولوں کے دورے کرنا ان کا کام نہیں بلکہ ان کا کام 18 لاکھ زیر التواء مقدمات کو تیزی سے نمٹانا ہے، احتساب عدالتی میں پیشی کے موقع پر گفتگو

پیر 23 اپریل 2018 18:39

پارلیمنٹ میں اتنا دم خم نہیں کہ وہ کسی کا مواخذہ کرے، نواز شریف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2018ء) سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں اتنا دم خم نہیں کہ وہ کسی کا مواخذہ کرے۔ کسی کے ساتھ کوئی کمپیرومائز نہیں ہوگا حق کی خاطر لڑوں گا تاکہ قوم کے سامنے سچ آئے۔ مارشل لاء کا راستہ روکنے کی باتیں کرنے والے خود مارشل لاء لگا کے بیٹھے ہوئے ہیں۔ ہسپتالوں‘ سکولوں کے دورے کرنا ان کا کام نہیں بلکہ ان کا کام 18 لاکھ زیر التواء مقدمات کو تیزی سے نمٹانا ہے۔

انہوں نے دورہ کرنا ہے تو اس بیوہ خاتون کے گھر کریں جس کے 5 مرلہ پلاٹ پر قبضہ کرلیا گیا ہے۔ سراج الحق کی باتیں معنی خیز ہیں اس پر ضرور سوچنا چاہیے۔ عدالتوں کا سامنا کررہا ہوں اور اس کیس میں میرے خلاف کچھ بھی نہیں انہوں نے فیصلہ کرلیا ہے کہ ہر حال میں مجھے سزا دینی ہے تاکہ 5 ججوں کو سرخرو کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

جنہوں نے میرے خلاف فیصلہ دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اخبارات ‘ الیکٹرانک میڈیا کی زبان بندی کی جارہی ہے۔ میری زبان بندی کی جارہی ہے یہاں کیسی جمہوریت ہے۔ مجھے اسے جمہوریت کہتے ہوئے بھی شرم آتی ہے یہاں تو بدترین مارشل لاء نافذ ہے‘ میرے خلاف جو فیصلے دیئے گئے ان فیصلوں نے جسٹس نیر کو بھی شرمندہ کردیا ہے۔ انہوں نے منظور پشتین کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ منظور پشتین کے لاہور جلسے میں پانی چھوڑا ہے یہ انتہائی بذدلانہ اقدام ہے اسکی ہر گز اجازت نہیں دی جاسکتی‘ اس کی آواز کو کو سننا چاہیے کہ وہ کیا کہہ رہا ہے انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ بات لکھ لیں کہ 22 کروڑ عوام ان کے فیصلوں کو نہیں مانے گی میں نے 22 کروڑ عوام کی خدمت کی ہے بجلی کے نئے نئے منصوبے لگائے گئے‘ سڑکوں کا جال بچھایا گیا ‘ انفراسٹرکچر بہتر ہوا اللہ نے یہ کام میرے ہاتھوں کروایا‘ وطن دشمن قوتوں کو میرا ملک کی خدمات کرنا پسند نہیں آیا انہوں نے میرے خلاف سازشیں کی اور مجھے پھنسایا یہ قوتیں یاد رکھیں کہ میں بھاگنے والا نہیں پاکستان میرا وطن ہے اور یہاں رہ کر عوام کی خدمت کروں گا۔

آئندہ انتخابات میں ن لیگ ایک قوت کے طور پر ابھرے گی ۔ سینیٹ انتخابات میں تمام جماعتوں نے ہارس ٹریڈنگ کی ہے اورن لیگ ایک صاف شفاف پارٹی کے طور پر ابھری ہے۔ ہمارے اتحادی بھی ہمارے ساتھ کھڑے رہے انہوں نے کوئلے کی کان میں اپنا منہ کالا نہیںکیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو لوگ کمپیرومائز کی باتیں کررہے ہیں وہ غلطی پر ہیں کسی سے کوئی سودے بازی نہیں کی جائے گی حق کی خاطر آخری سانس تک لڑوں گا تاکہ قوم سچ جان سکے۔