معروف ٹیکسی سروس کریم کو ہیک کر لیا گیا ، متعدد ڈرائیورز اورصارفین کا ڈیٹا لیک

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 23 اپریل 2018 18:22

معروف ٹیکسی سروس کریم کو ہیک کر لیا گیا ، متعدد ڈرائیورز اورصارفین ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اپریل 2018ء) : معروف ٹیکسی سروس کریم کے سرور کو ہیک کر لیا گیا ۔ کریم کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ رواں سال کے آغاز میں کچھ نامعلوم ہیکرز نے ان کے سرور میں گھُس کر ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی۔ اگرچہ یہ سب رواں سال کے آغاز میں 14 جنوری 2018ء کو ہوا تھا لیکن کریم کی جانب سے اسے اب افشا کیا گیا ہے۔

حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق ہیکرز نے کریم کمپنی کے سسٹم تک رسائی حاصل کی اور کمپنی کے اسٹیکم ہولڈرز یعنی ڈرائیورز اور صارفین کا ڈیٹا حاصل کر لیا جس میں فون نمبرز، گھر کا پتہ،ای میل، صارفین کے نام اور ان کی سفری تفصیلات شامل ہیں۔ وہ صارفین جنہوں نے اپنے کریم اکاؤنٹ سے اپنا کریڈٹ کارڈ متصل کر رکھا تھا، اس سے متعلق کریم کا کہنا ہے کہ کریڈٹ کارڈ کا ڈیٹا یا پاسورڈ لیک ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

(جاری ہے)

کریم نے اپنے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ تمام صارفین حفاظتی اقدام کے تحت اپنے ای میل اور کریڈٹ کارڈز کے پاسورڈز کو تبدیل کر لیں۔ کریم نے اپنے صارفین کو اس بات کی یقین دہانی کروائی ہے کہ انہوں نے ہیکرز کی جانب سے استعمال کیے جانے والی تمام کمزوریوں کا سد باب کر لیا ہے۔ اس ضمن میں نمایاں سائبر کرائم ماہرین اور حکومتی نمائندوں کی مدد سے ایک وسیع تحقیقات کا آغاز کیا جائے گا۔  کریم نے اپنے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے اکاؤنٹس کے پاسورڈز تبدیل کریں اور موصول ہونے والی ای میل میں کسی قسم کے لنک کو کلک نہ کریں۔اس سلسلے میں مزید معلومات کے لیے آپ یہاں کلک کیجئیے۔

متعلقہ عنوان :