سندھ گیمزسائیکلنگ چیمپین شپ میں 2 گولڈ میڈل کے ساتھ کراچی ڈویژن کے علی الیاس فاتح بن گئے

پیر 23 اپریل 2018 18:21

سندھ گیمزسائیکلنگ چیمپین شپ میں 2 گولڈ میڈل کے ساتھ کراچی ڈویژن کے علی ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) سندھ گیمزسائیکلنگ چیمپین شپ میں 2 گولڈ میڈل کے ساتھ کراچی ڈویژن کے علی الیاس فاتح بن گئے۔ سندھ گیمز کے سب سے بہترین ایونٹ میں علی الیا س نے 20 کلو میٹر اسپرنٹ اور 60 کلومیٹر اسپرنٹ میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ون پلس فور سائیکلنگ چیمپین شپ ریس کا افتتاح مزار قائد سے پاکستان اسپورٹس مین لائنز کلب انٹرنیشنل اور سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عابد علی ایڈووکیٹ نے فلیگ آف کرکے کیا۔

اس موقع پر چیمپئن شپ کے چیف آرگنائزر اور سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ملک کلیم احمد اعوان بھی موجود تھے۔ پاکستان رینجرز، کراچی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کمانڈوز نے سائیکلسٹوں اور منتظمین کی حفاظت کیلئے خصوصی انتظامات کئے تھے۔

(جاری ہے)

مزار قائد سے سائیکلسٹ اپنی منزل کی طرف روانہ ہوئے اور براستہ شاہراہ قائدین، شاہراہ فیصل، ڈرگ روڈ، لانڈھی اور نیشنل ہائی وے سے ہوتے ہوئے اسٹیل ٹاؤن شپ کے مین گیٹ سے واپس ہوئے اور مزارقائد کے نمائش چورنگی والے گیٹ پر پہنچ کر ریس کا اختتام کیا۔

نیشنل ہائی وے پر ہیلی کوپٹر کے ذریعے سائیکلسٹوں کی حفاظتی نگرانی کی گئی۔ سائیکل ریس کے کامیاب انعقاد پر وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش خان مہر، سیکریٹری اسپورٹس ڈاکٹر نیاز احمد صدیقی اور ڈائریکٹر اسپورٹس شہزاد پرویز بھٹی نے عابد علی ایڈووکیٹ اور چیف آرگنائزر ملک کلیم احمد اعوان کو مبارکباد بھی پیش کی۔ ون پلس فور سائیکل ریس میں سکھر ڈویژن کے محمد علی نے 30 کلو اسپرنٹ میں گولڈ اور 10 کلومیٹراسپرنٹ سلور میڈل حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔

میر پور خاص کے محمود بلوچ نے 10 کلومیٹر، 30 کلومیٹر اسپرنٹ میں براؤنز میڈل حاصل کئے اور لاڑکانہ کے عابد نے ایک سلور میڈل حاصل کیا۔ میر پور خاص کے اسد اللہ نے 10 کلومیٹر اسپرنٹ میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ کراچی ڈویژن کے محمد فرقان نے 20 کلومیٹر اسپرنٹ اور 60 کلومیٹر اسپرنٹ میں سلور میڈل حاصل کئے۔ کراچی ڈویژن ہی کے ولید بلوچ رحیم نے 60 کلومیٹر اسپرنٹ میں براؤنز میڈل حاصل کیا۔

سائیکلسٹوں کے لئے منرل واٹر اور جوسز کا وافر مقدار میں انتظام کیا گیا تھا۔ عبدالستار ایدھی ٹرسٹ کی ایمبولنس سروس بھی سائیکلسٹوں کے ساتھ ساتھ چلتی رہیں۔ چیف آرگنائزر کلیم اعوان نے ٹیم پوزیشن کے بارے میں بتایاکہ کراچی ڈویژن 2 گولڈ، 2 سلور اور 2 براؤن میڈل کے ساتھ پہلے نمبر پر، سکھر ڈویژن 1 گولڈ 1 سلور میڈل کے ساتھ دوسرے نمبر پر، میرپور خاص 1 گولڈ 1 براؤن میڈل کے ساتھ تیسرے نمبر پر جبکہ لاڑکانہ 1 سلور میڈل کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہی۔ ریسز کے اختتام پر مہمان خصوصی عابد علی ایڈووکیٹ نے فاتح سائیکلسٹوں میں میڈلز اور فاتح ٹیموں میں ٹرافیز اور اسناد تقسیم کیں۔