جنرل ہسپتال سے نوسرباز جرار حیدرگرفتار، جعلی تقررنامے برآمد

شرقپور کے رہائشی نے جعلی صحافی بن کر لوگوں سے تین تین لاکھ بٹورے‘ پولیس کے حوالے

پیر 23 اپریل 2018 18:13

جنرل ہسپتال سے نوسرباز جرار حیدرگرفتار، جعلی تقررنامے برآمد
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) جعلی صحافی بن کر لوگوں سے تقرریوں کی آڑ میں پیسے بٹورنے والے نوسرباز کو لاہور جنرل ہسپتال انتظامیہ نے دھر لیا۔تفصیلات کے مطابق شرقپور شریف کا رہائشی جرار حیدر مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملازمت دلانے کے نام پر 3،3 لاکھ روپے بٹور کر انہیں جعلی تقرر نامے دینے کا دھندہ کر رہا تھا اور اس نے سوموار کے روز بھی چند نوجوانوں کو ایل جی ایچ کی کینٹین پر بوگس تقرر نامے اور فرضی محکمانہ کارڈز دے کر رفو چکر ہونے کی کوشش کی تو شک پڑنے پر سیکورٹی اہلکاروں نے اسے دبوچ لیا جبکہ متاثرہ افراد بھی شور مچاتے ہوئے اکٹھے ہو گئے اور جرار حیدر کو ہسپتال انتظامیہ نے پولیس کے حوالے کر دیا ،جہاں اس کی تلاشی پر جعلی تقررنامے اور ایل جی ایچ کے مونوگرام کے محکمانہ بوگس کارڈز کے علاوہ صحافی کا کارڈبھی ملا۔

(جاری ہے)

جنرل ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین نے پولیس حکام کو مذکور ہ نوسر بازجرار حیدر کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے جبکہ اب تک 9 لوگوں نے اس نوسرباز کے خلاف شکایات درج کرا دی ہیں جن میںصغیر احمد ، محمد ذیشان ، حبیب الرحمن ، محمدتابش، مبشر احمد ، محمد وسیم، عبدالمنان، علی حسن اور قاسم سعید شامل ہیں ۔جبکہ وہاں موجود لوگوں اور ہسپتال انتظامیہ نے اس اقدام کو سراہا اور نوسرباز کی گرفتاری پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔پولیس نے ملزم سے تفتیش شروع کر دی جس نے سنسنی خیز انکشافات کئے ہیں ۔ امکان ہے کہ اس گروہ کے دیگر ارکان بھی قانون کی گرفت سے بچ نہ سکیں گے ۔

متعلقہ عنوان :