ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار گوادر میں سرمایہ کاری کررہے ہیں ،وہ دن دُور نہیں جب بلوچستان تجارتی سرگرمیوں کا حب ہوگا‘رفیق رجوانہ

موجودہ حکومت نے پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر ڈال دیا ہے، عوام تنقید اورالزام تراشی کرنے والوں کی بجائے کارکردگی پر ووٹ دینگے ‘گورنر پنجاب

پیر 23 اپریل 2018 18:13

ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار گوادر میں سرمایہ کاری کررہے ہیں ،وہ دن دُور ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ فیڈریشن کی مضبوطی کے لئے تمام صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار گوادر میں سرمایہ کاری کررہے ہیں اور وہ دن دُور نہیں جب بلوچستان تجارتی سرگرمیوں کا ہب ہوگا،موجودہ حکومت نے پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر ڈال دیا ہے ۔

عوام تنقید اورالزام تراشی کرنے والوں کی بجائے کارکردگی پر ووٹ دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں ایکسپو اینڈ ٹریڈ کانفرنس برائے گوادر اینڈ سی پیک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں معروف صحافی و دانشور مجیب الرحمن شامی، عمر مجیب شامی،نوید چوہدری، صدر پنجاب ٹریڈرز ونگ محمد علی میاں کے علاوہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت پر تنقید کرنے والے دیکھیں کہ آج بلوچستان میں درجنوں غیر ملکی کمپنیاں کھربوں روپے کی سرمایہ کاری کررہی ہیں جو حکومت کی کارکردگی پر اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دُنیا پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے اور وہ وقت دُور نہیں جب سی پیک کے ثمرات نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کے دیگر ممالک تک پہنچیں گے۔

گورنر نے کہا کہ بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل سے وہاں پسماندگی کا خاتمہ ہوگا اور عوام کی خوشحالی کا نیا دًور شروع ہوگا۔انہوںنے کہا کہ مایوسی کی بجائے ہمیں مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے مسائل پر قابو پانا چاہئے۔انہوں نے ایکسپو کے منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی نمائشوں سے منصوبے کی افادیت اور عوام میں آگاہی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمر شامی نے کہا کہ سی پیک سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں معاشی ترقی و خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت انرجی، انفراسٹرکچر اور دیگر ترقیاتی کام شروع کئے گئے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوید چوہدری نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد سی پیک کی صورت میں ترقی کرنے کا بڑا موقع میسر آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی کامیابی کے لئے ہر کسی کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔قبل ازیں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے نمائش کا باقاعدہ افتتاح کیا اور وہاں پر لگائے گئے مختلف سٹالز کا معائنہ بھی کیا۔