الیکشن کمیشن نے پولنگ افسران ،اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران کی تربیت کاآغاز کردیا،

7 لاکھ پولنگ عملہ کو تربیت دی جائیگی ریٹرننگ افسران ، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تربیت کا آغاز مئی کے دوسرے ہفتے متوقع

پیر 23 اپریل 2018 17:57

الیکشن کمیشن نے پولنگ افسران ،اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران کی تربیت کاآغاز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پولنگ افسران اور اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران کی تربیت کاآغاز کردیا ہے۔ پیر کو شروع ہونے والی یہ ٹریننگ 12 مئی 2018ء تک جاری رہے گی۔ پیر کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ ٹریننگ چاروں صوبوں، فاٹااور اسلام آباد میں جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

اس عمل میں تقریباً7 لاکھ پولنگ عملہ کو تربیت دی جائے گی جبکہ آخری مرحلہ میں تقریباًایک لاکھ 78ہزار پریذائیڈنگ اور سینئر اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران کی تربیت 25 جون سے 15 جولائی تک ہو گی۔

2018ء کے عام انتخابات کے لئے اس مرحلہ وار ٹریننگ کا آغاز 5 مارچ 2018ء سے ہوا تھا ۔ پہلے مرحلے میں 84 لیڈر ٹرینرز کو صوبائی سطح پر تربیت دی گئی جنہوں نے دوسرے مرحلے میں ملک بھر سے 3 ہزار ماسٹر ٹرینرز کو تربیت دی جبکہ ڈویژن اور ضلع کی سطح پر پیر سے پولنگ افسران اور اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران کی ٹریننگ کا آغاز ہو گیا ہے جبکہ ریٹرننگ افسران اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تربیت کا آغاز مئی 2018ء کے دوسرے ہفتہ میں متوقع ہے۔