قومی اقبال کانفرنس(کل) شروع ہوگی،کتاب میلہ کا بھی انعقاد کیا جائے گا

سال کے وقفے سے اقبالؒ کی شخصیت اور افکار بارے کانفرنس کا انعقاد عصری حالات کے تناظر میں مثبت اقدام ہے، عرفان صدیقی ناامیدی کے خاتمے کیلئے فکر اقبال کی ترویج قومی ذمہ داری ہے، مشیر وزیراعظم

پیر 23 اپریل 2018 17:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کی شخصیت و افکارکے حوالے سے دو روزہ قومی اقبال کانفرنس (کل) منگل سے لاہور میں شروع ہوگی ۔’انسانیت کو درپیش چیلنج اور فکر اقبال‘کے عنوان سے ہونیوالی کانفرنس میں 100 سے زائد ملکی اور عالمی اقبال شناس مقالہ جات پڑھیں گے۔ کانفرنس کا افتتاح صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی کرینگے ۔

صدرمملکت کلیات اقبال کے شائع شدہ خصوصی ’ڈیلیکس ایڈیشن‘ کی رونمائی بھی کریں گے جبکہ کلیات اقبال کی آن لائن اپلیکیشن کا بھی اجراء ہوگا۔ اس سہولت کی بدولت عوام کمپیوٹر کے جدید ذریعہ کو استعمال کرتے ہوئے علامہ اقبال کی شاعری اور پیغام تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

24 اور25 اپریل کو جاری رہنے والی کانفرنس کے موقع پرشاندار کتاب میلہ بھی منعقد ہورہا ہے جس میں ملک بھر سے علامہ اقبال پر شائع ہونے والی کتب رکھی جارہی ہیںجو عوام کیلئے رعایتی نرخوں پردستیاب ہوں گی۔

کانفرنس کے دوران مجموعی طورپر بارہ فکری نشستیں ہوں گی جن کی صدارت نامور شخصیات کریں گی۔ کانفرنس کا آخری بار انعقاد 2003ء میں ہواتھا۔مشیروزیراعظم عرفان صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پندرہ سال کے وقفے کے بعد اقبالؒ کی شخصیت اور افکار کے حوالے سے کانفرنس کا انعقاد عصری حالات کے تناظر میںنہایت مثبت اقدام ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملکی اور غیرملکی اہل علم قلندر لاہوری کی بصیرت اور افکار کی روشنی میں تہذیب، معیشت، اخلاقی اقدار، عصرحاضر کے درپیش چیلنجزکے منتخب کردہ عنوانات پر مقالے پڑھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بہترین قرار پانے والے مقالہ جات کتابی شکل میں شائع کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ یہ بیش قیمت خزانہ عوام بالخصوص نوجوان نسل تک پہنچے۔ انہوں نے کہاکہ آج کے دور میں فکر اقبال کی ترویج قومی ذمہ داری ہے۔ ناامیدی کے خاتمے کے لئے فکر اقبال کی ترویج قومی ذمہ داری ہے۔ کلام اقبال کی روشنی میں نوجوان نسل میں جستجو کا ایک نیا جذبہ بیدار کرنا ہوگا۔