حکومت ذہین طالب علموں اورمحنتی اساتذہ کی حوصلہ افزائی کیلئے انہیں انعامات سے نوازتی رہے گی، شیخ آفتاب احمد

پیر 23 اپریل 2018 17:42

حکومت ذہین طالب علموں اورمحنتی اساتذہ کی حوصلہ افزائی کیلئے انہیں ..
اٹک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ حکومت ذہین طالب علموں اورمحنتی اساتذہ کی حوصلہ افزائی کیلئے ان کی کارکردگی کی بنیاد پر انہیں انعامات سے نوازتی رہے گی تا کہ ان کی خدمات کو سراہا جا سکے اور وہ دوسروں کیلئے مشعل راہ ہوں۔ ان خیالات کا اظہار ضلع کونسل ہال اٹک میں نجی تعلیمی ادارے آکسفورڈ سکول اینڈ کالج پنڈی گھیب کے چیف ایگزیکٹیو ابرار شاکر کو تعلیمی خدمات کے اعتراف میں دوسرے صدارتی ایوارڈ ملنے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔

اس موقع پر سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن سلیم شہزاد ، نیشنل ایسوی ایشن اینڈ پرائیویٹ کالجز مالک جاوید ، ملک حفیظ اللہ خان ، عطاالرحمن چوہد ی ، حافظ محبوب ، پروفیسر بشیر احمد رضوی ، پروفیسر نصرت بخاری، سابقہ سوشل ویلفئیر آفیسر اٹک خالد صباکے علاوہ ضلع بھر کے تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے مرد خواتین اساتذہ بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ گولڈ میڈل ان کے خاندان کی تاریخ بن گئے ہیں آئندہ آنے والی نسل اس پر فخر محسوس کریں گے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کسی بچے کی پرورش میں ماں کا عمل دخل ہوتا ہے جبکہ بچے کے تعلیمی میدان میں استاد کا عمل اس کے مستقبل کو روشن کرتا ہے انہوں نے کہا کہ ہمارا ضلع تعلیمی میعار میں کسی بھی دیگر اضلاع سے کم نہیں دور جہالت میں جاہل قبائل بچیوں کو زندہ دفن کر دیا کرتے تھے ہمارے آخری نبی ﷺ نے اپنی دینی تعلیمات سے اس عمل کو ختم کروایا۔ انہوں نے کہا کہ جو تعلیمات یورپ میں نظر آ رہی ہیں اصل میں وہ ہماری وراثت تھی جسے ہم بھول رہے ہیں آج سوئی ہوئی قوم جسے مائوزے تنگ نے جگا کر محنت کا درس دیا آج وہ قوم دنیا پر راج کر رہی ہے شیخ آفتاب نے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ ہم اپنی عملی زندگی کو محنت کے ذریعے ملک کو معاشی قوت بنا کر دکھائیں یہی وقت کا تقاضہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ 2018میں موقع ملا تو عوام کی خدمت دوبارہ کریں گے۔ شیخ آفتاب احمد نے ابرار شاکر کو ان کی تعلیمی خدمات میں دوسری مرتبہ صدارتی اعزاز حاصل کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر دیگر اساتذہ مقررین نے موجود اساتذہ کو بتایا کہ آکسفورڈ سکول اینڈ کالج کے بچے میڈیکل گروپ ۔ پری انجنئرنگ گروپ میں راولپنڈی بورڈ میں اول ، دوئم ، سوئم پوزیشن حاصل کرنے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں اور چیف منسٹر پنجاب کی جانب سے نقد انعام اور اعزازات حاصل کر چکے ہیں پروگرام کے آخر میں ابرار شاکر نے اپنے ہاتھوں سے مہمان خصوصی کو شیلڈ پیش کی ۔