ْکراچی میں بجلی بحران حل کروانے کے لیے وزیر اعظم کے اقدامات قابل تحسین ہیں، ایس ایم منیر

پیر 23 اپریل 2018 17:40

ْکراچی میں بجلی بحران حل کروانے کے لیے وزیر اعظم کے اقدامات قابل تحسین ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے سرپرست اعلی ایس ایم منیر، صدر طارق ملک، سینئر نائب صدر سلمان اسلم اور نائب صدر جنید نقی نے وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کی جانب سے کراچی میں جاری بجلی بحران حل کروانے کے لیے جاری کردہ ہدایات کا خیر مقدم کیا ہے۔ کاٹی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ کے۔

الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے مابین جاری تنازعے کے حل کے لیے وزیر اعظم پاکستان نے فوری اور مؤثر اقدام کرکے شہریوں اور کراچی کی بزنس کمیونٹی کی داد رسی کی ہے، جو قابل تحسین ہے۔ کاٹی کے صدر طارق ملک نے کہا ہے کہ اس بحران کو حل کروانے کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر اعظم کو تین خطوط لکھے اور ان کے متحرک کردار کی وجہ سے یہ بحران حل کی جانب بڑھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے کراچی میں لوڈ شیڈنگ کے سنگین مسئلے کو جس طرح وفاقی سطح پر پیش کیا اس کے لیے شہری اور صنعت کار برادری ان کی شکر گزار ہے۔ صدر کاٹی طارق ملک نے اس سلسلے میں وزیر اعظم کے مشیر برائے امور خزانہ مفتاح اسماعیل اور کراچی انڈسٹریل فورم کے کو آرڈی نیٹر جاوید بلوانی کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بنیادی ضروریات کی فراہمی کے ذمے دار اداروں کے مابین تنازعات کے حل کے لیے ایسا میکانزم بنانے کی ضرورت ہے، کہ ان مسائل کا اثر عوام کی مشکلات میں اضافے کا باعث نہ بنے۔ کاٹی کی جانب سے اس امید کا بھی اظہار کیا گیا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ہدایات پر عمل درآمد کے بعد یہ مسئلہ مستقل طور پر حل ہوجائے گا۔