شجر کاری مہم میں پودوں کا ہدف پانچ لاکھ کرنے سے اسلام آباد کے ماحول میں واضح تبدیلی محسوس ہو گی‘ رواں سال موسمِ برسات کی شجر کاری مہم میں ہدف میں مزید اضافہ کیا جائے گا‘ شیخ انصر عزیز

پیر 23 اپریل 2018 17:12

شجر کاری مہم میں پودوں کا ہدف پانچ لاکھ کرنے سے اسلام آباد کے ماحول ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آبادمیں موسمِ بہار کی شجر کاری مہم میں ہر سال تین لاکھ لگائے جانے والے پودوں کا ہدف پانچ لاکھ کرنے سے اسلام آباد کے ماحول میں واضح تبدیلی محسوس ہو گی اور رواں سال موسمِ برسات کی شجر کاری مہم میں اس ہدف میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز نے زیرو پوائنٹ کی گرین بیلٹ پر پودا لگانے کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) کے چیئرمین یونین کونسل آئی نائن سردار مہتاب احمد خان ایڈووکیٹ، مرکز G-8 یونین کونسل کے چیئرمین منیر اشرف، یونین کونسل G-6 کے چیئرمین چوہدری اللہ دتہ اور سیکٹر G-7 یونین کونسل کے چیئرمین نعیم گجر ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

شجر کاری کی یہ تقریب میٹرو پولیٹین کارپوریشن کی طرف سے ہر یونین کونسل میں پارکس، گرین بیلٹس اور خالی جگہوں پر پودے لگانے کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

اس موقع پر میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا کہ ہر سال کی طرح رواں سال بھی موسم بہار میں تین لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا تاہم انہوں نے اس میں مزید دو لاکھ پودوں کا اضافہ کیا ہے جس کے لیے نہ صرف وزارت ماحولیات نے مکمل سر پرستی اور تکنیکی معاونت مہیا کی ہے بلکہ مختلف اداروں نے بھی بھر پور حصہ لیا ہے جس کے باعث پانچ لاکھ پودے لگانے کا ہدف تقریباً مکمل ہونے والاہے۔

انہوں نے کہا کہ موسم برسات کے لیے بھی انہوں نے روایتی ہدف کی بجائے زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی تاریخ میں پہلی مرتبہ میٹرو پولیٹین کارپوریشن نے گھر گھر جا کر ایک پودا دینے کی روایت ڈالی ہے۔ اس مہم کے دوران اسلام آباد میں 30 ہزار گھروں میں ایک ایک پودا تقسیم کیا گیا ہے تاکہ اسلام آباد کے شہریوں کو شجر کاری مہم میں شامل کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ گھر گھر پودے فراہم کرنے کے علاوہ ہر یونین کونسل میں کسی ایک پارک یا گرین بیلٹ میں بھی پودے لگائے جا رہے ہیں اور اب تک مختلف پارکوں اور گرین بیلٹس پر تقریباً70 ہزار پودے لگائے جا چکے ہیں۔ میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا کہ مارگلہ کی پہاڑیوں میں ہر سال لگنے والی آگ سے بہت سارے درخت جل جاتے ہیں اس لیے انہوں نے مارگلہ کی پہاڑیوں پر بھی زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی مہم شروع کر دی ہے تاکہ اسلام آباد کے ان خوبصورت پہاڑوں کی شادابی میں مزید نکھار لایا جا سکے اور ہر سال آگ سے ضائع ہونیو الے درختوں کی جگہ نئے پودے لگ سکیں۔

میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا کہ رواں سال موسم بہار کی شجرکاری مہم میں مختلف این جی اوز اور پرائیویٹ اداروں کے علاوہ وزارت ماحولیات کے بھر پور تعاون نے مہم کو کامیاب کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پر میئر اسلام آباد نے انوائرنمنٹ ونگ کو ہدایت کی کہ حالیہ بارشوں سے زیر زمین پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے لہذا وہ اس موقع سے بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے زیادہ سے زیادہ شجر کاری کریں اور لگائے جانے والے پودوں کی دیکھ بھال کو یقینی بنائیں۔

میئر اسلام آباد نے میٹرو پولیٹین کارپوریشن کے منتخب نمائندوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے کونسلرز کے علاوہ اپنی یونین کونسل کے مکینوں کو بھی شجر کاری مہم میں شامل کریں تاکہ موسم بہار کی شجر کاری مہم سے ریکارڈنتائج حاصل کئے جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :