ادویات، انجینئرنگ اور سماجی ترقی سمیت تمام شعبوں میں خواتین کی شرکت میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے، عارفہ خالد پرویز

پیر 23 اپریل 2018 17:16

ادویات، انجینئرنگ اور سماجی ترقی سمیت تمام شعبوں میں خواتین کی شرکت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) رکن قومی اسمبلی عارفہ خالد پرویز نے کہا ہے کہ ادویات، انجینئرنگ اور سماجی ترقی سمیت تمام شعبوں میں خواتین کی شرکت میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو تعلیم و آگاہی کے ذریعے انہیں بااختیار بنانے کے مقاصد حاصل کئے جا سکتے ہیں اور حالیہ برسوں میں معاشی اور معاشرتی زندگی کے مختلف شعبوں میں خواتین کی شمولیت میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے خواتین میں ہنرمندی، علم و آگاہی اور اعتماد سازی پیدا کی جا سکتی ہے جس سے خواتین کو ان کے اہداف کے حصول میں معاونت فراہم کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم ایک خاتون کو بااختیار بناتے ہیں اور دراصل ہم قوم کو بااختیار بنا رہے ہوتے ہیں، جب خواتین کو تعلیم، مہارتوں، علوم، صحت اور ملازمتوں کے حقوق فراہم کئے جائیں گے تو وہ اپنی ان پوشیدہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر مردوں کے شانہ بشانہ معاشرے کی بہتری کیلئے کام کر سکتی ہیں۔