نواز شریف کی کوششوں سے کراچی میں امن بحال اور روشنیاں واپس آئیں ،عابد شیر علی

پیر 23 اپریل 2018 17:13

نواز شریف کی کوششوں سے کراچی میں امن بحال اور روشنیاں واپس آئیں ،عابد ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2018ء) وفاقی وزیر مملکت چوہدری عاہدشیر علی نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کی کوششوں سے کراچی میں امن بحال ہوا‘ غیرملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان کا رخ کیا‘ کراچی ایک مرتبہ پھر روشنیوں کا شہر بن گیا مگر ملک دشمن عناصر کو معلوم ہو گیا کہ میاں محمد نواز شریف جس رفتار سے پاکستان کو اوپر لے جا رہا ہے 2018ء کے الیکشن میں یہ سب کو پیچھے چھوڑ جائے گا‘ انہوں نے مختلف الزامات لگا کر انہیں حکومت سے الگ کر دیا‘ مگر عوام کو یہ فیصلہ منظور نہیں‘ عوام اپنی طاقت سے ایک مرتبہ پھر 2018ء کے الیکشن میں اپنا فیصلہ سنائے گی اور اس مرتبہ میاں محمد نواز شریف پہلے سے بھی زیادہ طاقت کے ساتھ حکومت میں آئے گا آج کا پاکستان 2013ء کے پاکستان سے بہت بہتر ہے‘ پیپلزپارٹی نے پانچ سالوں میں ملک کا بیڑہ غرق کر دیا تھا‘ 18-18 گھنٹے لوڈشیڈنگ نے ملکی معیشت کا پہیہ جام کر دیا تھا‘ مایوسی نے ہر طرف ڈیرے ڈال رکھے تھے‘ پاکستان کو دوبارہ ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کا سہرا ہمارے قائد میاں محمد نواز شریف کو جاتا ہے‘ ان خیالات کا اظہار نے سابق ڈپٹی میئر محمد اکبرغوری کی رہائش گاہ پرمنعقدہ تقریب کے شرکاء سے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میاں طاہر جمیل ایم پی اے فیسکو کے سابق جی ایم عامل صدیقی‘ بھولا پیر‘ طارق بشیر غوری‘ ناصر بٹچوہدری منظور نمبردار‘ ملک شہزاد‘ اسماعیل غوری و دیگر فیسکو افسران موجودتھے۔ انہوں نے کہا کہ جس شخص نے پاکستان کو معیشت کو مضبوط کیا‘ سی پیک‘ موٹرویز سمیت ملک میں بڑے بڑے پروجیکٹ لگائے اسے اقامہ پر حکومت سے الگ کر دیا گیا‘ جو سراسر زیادتی ہے‘‘تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میزبان سابق ڈپٹی میئر محمد اکبرغوری نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی محبت ہمارے دلوں سے کوئی نہیں نکال سکتا‘ ہم نے تاحیات میاں محمد نواز شریف اور اس کے شیروں کا ساتھ دینے کا فیصلہ کر رکھا ہے‘ انشاء اللہ 2018 ء کے الیکشن میں ہم اپنا فیصلہ سنائیں گے اور دھرنا عناصر کو سوائے رسوائی کے کچھ حاصل نہ ہو گا