لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر نیب کی غیر قانونی حراست میں رکھا گیا شہری رہا ہو گیا

پیر 23 اپریل 2018 17:09

لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر نیب کی غیر قانونی حراست میں رکھا گیا شہری رہا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2018ء) لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر نیب کی غیر قانونی حراست میں رکھا گیا شہری رہا ہو گیا، عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا اگر نیب کی غفلت ثابت ہو گئی تو روزانہ کے حساب سے نیب کو بھاری جرمانہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد قاسم خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، عدالتی حکم پر نیب نے زیر حراست رکھے گئے شہری زاہد محمود کو رہا کر دیا، ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب نے عدالت کو بتایا کہ غفلت کے مرتکب نیب کے ڈپٹی ڈائریکٹر رمضان کو معطل کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے شہری کی رہائی کے لئے کی جانے والی کاروائی کی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی،عدالت نے نیب کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹ پر عدم اعتماد کر دیاعدالت نے استفسار کیا کہ شہری کی رہائی کے لئے ہر روز کی کارکردگی کو رپورٹ کا حصہ کیوں نہیں بنایا گیا، اگر نیب کی غفلت ثابت ہو گئی تو روزانہ کے حساب سے نیب کو بھاری جرمانہ کیا جائے گا، عدالت نے تفصیلی رپورٹ اور ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔