حکومت آئندہ بجٹ میں ودہولڈنگ ٹیکس کو واپس لے : پیاف

پیر 23 اپریل 2018 17:09

حکومت آئندہ بجٹ میں ودہولڈنگ ٹیکس کو واپس لے : پیاف
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2018ء) پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسو سی ایشن فرنٹ(پیاف )کے چیئرمین عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف عرصہ دراز سے احتجاج کر رہی ہے مگر ان کی شنوائی نہیں ہو رہی۔ تاجر برادری ودہولڈنگ ٹیکس سے عاجز آچکی ہے۔ بینکنگ سیکٹر کی مختلف ٹرانزیکشنز پر0.6% جو ٹیکس لگایا گیا ہے وہ نا مناسب ہے حکومت یہ ٹیکس ان لوگوں پر لگائے جو ٹیکس ادا نہیں کرتے ہیں۔

تاجر برابردی یہلے ہی ایمانداری سے حکومت کو ٹیکس ادا کررہی ہے۔ انھوں نے وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مسئلہ کا فوری اور سنجیدگی سے حل تلا ش کریں ورنہ تاجرحضرات ہڑتال پر جانا چاہتے ہیں جس سے دونوں فریقین کو نقصان ہو گا اور اس وقت ملک کسی بھی نقصان کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔

(جاری ہے)

چیئرمین پیاف عرفان اقبال شیخ نے وائس چیئرمین تنویر احمد صوفی اور خواجہ شاہزیب اکرم کے ہمراہ تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاجربرادری ہمیشہ مشکل وقت میں حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور حکومت کا ساتھ دیا ہے بجٹ میں تاجروں پر کوئی اضافی ٹیکس نہیں لگنا چاہئے۔

صرف ان لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے جو حکومت کو ٹیکس ادا نہیں کرتے۔تاجر برادری امید کرتی ہے کہ حکومت آئندہ بجٹ میں ودہولڈنگ ٹیکس کو واپس لے لے گی اور کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا۔ تمام آمدنیوں پر منصفانہ ٹیکس لگا کر زیادہ ریونیوحاصل کیا جائے گااور بالواسطہ ٹیکس پر انحصار کم سے کم کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے گا