حکومت اور عدلیہ کا ٹکراؤ خطرناک موڑ کی جانب بڑھ رہا ہے،خورشید شاہ

پیر 23 اپریل 2018 17:05

حکومت اور عدلیہ کا ٹکراؤ خطرناک موڑ کی جانب بڑھ رہا ہے،خورشید شاہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2018ء) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہر جگہ اور ہر وقت یہ پیغام دیتا ہوں کہ اداروں کا ٹکراؤ خطرناک ہے،حکومت اور عدلیہ کا ٹکراؤ خطرناک موڑ کی جانب بڑھ رہا ہے،ملک میں دہشتگردی کے واقعات ہورہے ہیں لیکن اگر کسی سیاستدان پر حملہ ہوا تو الزام عدالت پر آجائے گا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹکراؤ کسی پارٹی کی طرف سے ہو یا کہیں اور سے خطرناک ہے،سیاسی ورکر ہوں اسی لئے اس صورتحال پر فکر مند ہوں۔

پیپلزپارٹی نے اس دن کے لئے قربانیاں نہیں دیں،ایسا نہ ہو کہ اداروں کے ٹکراؤ سے سسٹم ریزہ ریزہ ہو جائے۔انہوں نے عدالت کی طرف سے سیاستدانوں سے سیکورٹی واپس لینے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کو اس معاملے میں مداخلت نہیں کرنی چاہئے کیونکہ ملک میں پہلے سے دہشتگردی کے واقعات ہو رہے ہیں،اگر کسی سیاستدان پر حملہ ہوا تو الزام عدالت پر آجائے گا۔

(جاری ہے)

بے نظیر کا واقعہ ہوا بنیاد یہ ہے کہ پرویز مشرف نے سیکورٹی ہٹا دی تھی،اسفندیار اور مولانا فضل الرحمان پر ماضی میں حملے ہوئے،انہیں خدشات بھی ہیں۔خورشید شاہ نے مزید کہا کہ میں نے پہلے کہا تھا کہ نوازشریف واپس آئیں گے کیونکہ جو جنگ نوازشریف نے شروع کی لندن میں بیٹھ کر وہ صفر ہوجائے گی۔