مقبوضہ کشمیر، حریت رہنمائوں کی بھارتی فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے نوجوانوں کی عیادت

پیر 23 اپریل 2018 15:50

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنمائوں محمد یوسف نقاش ، جاوید احمدمیر اور مختار احمد وازہ نے سرینگر میں ہڈیوں اور جوڑوں کے ہسپتال جاکر بھارتی فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے نوجوانوں کی عیادت کی۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے ہفتے کی شام ضلع پلوامہ کے علاقے کریم آباد میں پرامن احتجاجی مظاہرین پر فائرنگ کرکے تین نوجوانوں تنویر احمد ، فیض احمد اور سجاد احمد کو شدید زخمی کردیا تھا۔

حریت رہنمائوں نے نہتے شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوجی کالے قانون آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کی آڑ میں کسی بھی شخص کو اپنی مرضی سے قتل کرسکتے ہیں۔ انہوںنے زخمی نوجوانوں کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیا اور زخمیوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں سے ملے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ حریت رہنمائوںنے آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھیوں سمیت بھارتی فورسز کی طرف سے گرفتاریوں کا نیا سلسلہ شروع کرنے کی مذمت کی۔

انہوں نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنمائوں سراج الدین میر اور عبدالرشید مغلو پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرنے پر قابض انتظامیہ پر تنقید کی۔ حریت رہنمائوں کے ہمراہ شوکت احمد خان، نذیر احمد صوفی اور عرفان احمد نقاش بھی تھے۔