مقبوضہ کشمیر، جماعت اسلامی کی آسیہ اندرابی و دیگر حریت رہنمائوں کی گرفتاری کی مذمت

کشمیریوں کو جمہوری انداز میں آزادانہ و منصفانہ طور پر اپنا فیصلہ کرنے کا موقع دینے کا مطالبہ

پیر 23 اپریل 2018 15:50

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میںجماعت اسلامی نے اسلام آباد قصبے میں دختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھیوں کی بلاجواز گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جماعت اسلامی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ آسیہ اندرابی بھارتی پولیس کے ہاتھوں گرفتاری کے وقت اپنے ساتھیوں کے ہمراہ تنظیمی دورے پر تھیں۔

بیان میں کہاگیا ہے کہ آسیہ اندرابی کی گرفتاری اور سید علی گیلانی کی مسلسل نظربندی سے واضح ہوجاتا ہے کہ عام لوگوںکی نمائندگی کرنے والے رہنمائوںکے لیے کشمیر میںپرامن سیاسی سرگرمیاںانجام دینے کی کوئی گنجائش نہیں چھوڑی گئی ۔ جماعت اسلامی نے کہاکہ بنیادی جمہوری اصولوںکے تحت لوگوں کی آوازکوہرصورت میں اہمیت دی جاتی ہے چاہے وہ حکمرانوں کے خلاف ہو یا ان کے حق میں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ لوگوں کو یہ فیصلہ کرنے دیا جائے کہ وہ کس کو سننا چاہتے ہیں اور کس کو نہیں۔بیان میں بھارتی حکمرانوں اور مقبوضہ علاقے میں کام کرنے والی اس کی ایجنسیوںپر زور دیا گیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں عوام کی خواہشات کو سمجھیں اور ان کا احترام کریں اور انہیں جمہوری انداز میں آزادانہ اور منصفانہ طریقے سے اپنا فیصلہ کرنے کا موقع دیں۔