کامرس ڈیسک)

میزان بینک نے 2018ء کی پہلی سہ ماہی کے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا

پیر 23 اپریل 2018 15:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) میزان بینک لمیٹڈ کو 31مارچ 2018ء کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں1915 ملین ر وپے کا منافع حاصل ہوا ہے جوکہ پچھلے مالی سال کے اس عرصے میں 1512 ملین روپے تھا۔ میزان بینک کی فی حصص آمدنی 1.80روپے رہی ۔میزان بینک کے مالیاتی نتائج کی منظوری کراچی میں منعقدہ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ میں دی گئی جس کی صدارت بورڈ کے چیئرمین ریاض ایس اے اے ادریس نے کی ۔

اس موقع پر بورڈ کے وائس چیئرمین فیصل اے اے اے الناصر بھی موجود تھے۔پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر میزان بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان صدیقی نے بورڈ کے ممبران کو بتایا کہ 31 مارچ کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں بینک نے بہترین مالی نتائج حاصل کئے ہیں۔

(جاری ہے)

بینک کا منافع بعد از ٹیکس گذشتہ سال کے اسی مدت کے منافع 1512ملین روپے کے مقابلے میں 1915ملین روپے رہا جبکہ بینک کی فی حصص آمدنی 1.80روپے رہی۔

عرفان صدیقی نے بورڈ کو بتایا کہ 159شہروں میں 600برانچوں کے وسیع نیٹ ورک کے ساتھ ڈپازٹس کے اعتبار سے میزان بینک پاکستان کا ساتواں بڑا بینک بن گیا ہے۔ میزان بینک نے تمام اہم شعبوں میں رسک پیرامیٹرز کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ متنوع فنانسنگ پورٹ فولیو کو برقرار رکھاہوا ہے۔بینک نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے ایس ایم ایز اور کمرشل صارفین کے پورٹ فولیو کو بڑھانے پر بھی اپنی توجہ مرکوز رکھی ہوئی ہے۔

بینک کے خالص پھیلائومیں 28فیصد اضافہ ہوا جس کی بنیادی وجہ فنڈز کی زیادہ سے زیادہ لاگت کو برقرار رکھتے ہوئے بینک کے مالیاتی پورٹ فولیو میں اضافہ کر نے میں بینک کی مسلسل توجہ مرکوز رکھناہے۔ میزان بینک کے تجارتی کاروبار میں اضافہ کی وجہ سے بینک کی فیس اور کمیشن کی مد میں آنے والی آمدنی میں 27فیصد اضافہ ہوا۔جس میں گزشتہ سال اسی مدّت کے دوران 39فیصد اضافہ ہوا تھا۔

میزان بینک ملک کے 159شہروں میں 600سے زائد برانچز کے ساتھ پاکستان کا سب سے بڑا اسلامی بینک اور مجموعی طورپر ملک کا ساتواں بڑا بینک ہے۔ میزان بینک اپنے ویژن ’’ اسلامی بینکاری اوّلین ترجیح‘‘ پر عمل پیرا ہے۔ بینک کئی سالوں سے ملکی اور بین الاقوامی اداروں کی جانب سے پاکستان کے بہترین اسلامی بینک کا ایوارڈ حاصل کر رہاہے۔JCR-VISکریڈٹ ریٹنگ کمپنی کی ریٹنگ میں بینک کی طویل المدتی ریٹنگ ڈبل ا ے برقرار رہی ہے۔ بینک کی شارٹ ٹرم ریٹنگ مستحکم آئوٹ لک کے ساتھ A1+ ہے جوکہ بینک کی شاندار کارکردگی کو ظاہر کرتی ہے۔