اداروں کے ٹکرائو سے ملک مسائل کا شکار ہو گا، سندھ حکومت بجٹ پیش کرے گی ، اگر خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے بجٹ پیش نہ کیا تو جولائی کے اخراجات نہیں کرسکے گی، پہلے بھی کہا تھا کہ نواز شریف واپس آئیں گے، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ کلثوم نواز کو صحت دے

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سیدخورشید احمد شاہ کی پارلیمنٹ ہائوس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت

پیر 23 اپریل 2018 15:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سیدخورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ اداروں کے ٹکرائو سے ملک مسائل کا شکار ہو گا، سندھ حکومت بجٹ پیش کرے گی ، اگر خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے بجٹ پیش نہ کیا تو جولائی کے اخراجات نہیں کرسکے گی۔ پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت اور عدلیہ دونوں کو صبر وتحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے کیونکہ اداروں کے ٹکرائو سے ملک مسائل کا شکار ہو گا۔

بطور سیاسی ورکر اس صورتحال پر پریشان ہوں، ہم نہیں چاہتے کہ نظام ریزہ ریزہ ہو جائے ۔ سکیورٹی واپس لینے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ خدانخواستہ ملک میں دہشت گردی کی صورت حال ہوئی اور اس دوران کسی سیاستدان کے ساتھ کچھ ہوا تو الزام عدالت پر آئے گا، عدالت کو ایسے معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

بینظیر بھٹو کی شہادت کا واقعہ بھی اسی وجہ سے ہوا کیونکہ پرویز مشرف نے سکیورٹی ہٹا لی تھی۔

انہوں نے کہاکہ اسفند یار ولی اور مولانا فضل الرحمن پر حملے ہوچکے ہیں، ہمیں بھی تازہ ترین دھمکیاں دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ نواز شریف واپس آئیں گے، وہ لندن میں بیٹھ گئے تو ان کی سیاست صفر ہو جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ میری بہن کلثوم نواز کو صحت دے۔