اقبالؒ کانفرنس کا انعقاد عصری حالات کے تناظر میں نہایت مثبت اقدام ہے،عرفان صدیقی

کانفرنس میں ایک سو سے زائد مقالے پڑھے جائیں گے،کلیات اقبال ’ڈیلیکس ایڈیشن کی رونمائی ، آن لائن اپلیکیشن کا اجرا ہوگا،نا اُمیدی کے خاتمے کے لئے فکر اقبال کی ترویج قومی ذمہ داری ہے،اسی روشنی میںنوجوان نسل میں جستجو کا ایک نیا جذبہ بیدارکرناہوگا

پیر 23 اپریل 2018 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اپریل2018ء) شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کی شخصیت و افکاکے حوالے سے دو روزہ قومی اقبال کانفرنس منگل کو(کل) لاہور میں شروع ہوگی۔’انسانیت کو درپیش چیلنج اور فکر اقبال‘کے عنوان سے ہونی والی کانفرنس میں ایک سو سے زائد ملکی اور بین الاقوامی اقبال شناس مقالہ جات پڑھیں گے۔ صدرمملکت ممنون حسین مشیر وزیراعظم برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی کے ہمراہ کانفرنس کا افتتاح کریں گے۔

صدرمملکت کلیات اقبال کے شائع شدہ خصوصی ’ڈیلیکس ایڈیشن‘ کی رونمائی بھی کریں گے جبکہ کلیات اقبال کی آن لائن اپلیکیشن کا بھی اجراء ہوگا۔ اس سہولت کی بدولت عوام کمپیوٹر کے جدید ذریعہ کو استعمال کرتے ہوئے علامہ اقبال کی شاعری اور پیغام تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

24 اور25 اپریل کو جاری رہنے والی کانفرنس کے موقع پرشاندار کتاب میلہ بھی منعقد ہورہا ہے جس میں ملک بھر سے علامہ اقبال پر شائع ہونے والی کتب رکھی جارہی ہیںجو عوام کے لئے رعایتی نرخوں پردستیاب ہوں گی۔

کانفرنس کے دوران مجموعی طورپر بارہ فکری نشستیں ہوں گی جن کی صدارت نامور شخصیات کریں گی۔ آخری مرتبہ 2003؁ء میں اس کانفرنس کاانعقاد ہواتھا۔مشیروزیراعظم عرفان صدیقی نے بتایا کہ پندرہ سال کے وقفے کے بعد اقبالؒ کی شخصیت اور افکار کے حوالے سے کانفرنس کا انعقاد عصری حالات کے تناظر میںنہایت مثبت اقدام ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملکی اور غیرملکی اہل علم قلندر لاہوری کی بصیرت اور افکار کی روشنی میں تہذیب، معیشت، اخلاقی اقدار، عصرحاضر کے درپیش چیلنجزکے منتخب کردہ عنوانات پر مقالے پڑھیں گے۔

بہترین قرار پانے والے مقالہ جات کتابی شکل میں شائع کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ یہ بیش قیمت خزانہ عوام بالخصوص نوجوان نسل تک پہنچے۔ عرفان صدیقی نے کہاکہ آج کے دور میں فکر اقبال کی ترویج قومی ذمہ داری ہے۔ ناامیدی کے خاتمے کے لئے فکر اقبال کی ترویج قومی ذمہ داری ہے۔ کلام اقبال کی روشنی میں نوجوان نسل میں جستجو کا ایک نیا جذبہ بیدار کرنا ہوگا۔