ملزمان کو ہر صورت گرفتار کیا جائے گا‘ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر کی وفد کو یقین دہانی

عریاں فلم بنانے کے حوالے سے قانون کے مطابق جو بھی مزید دفعات شامل کرنا ہوئی ہم شامل کر لیں گے

پیر 23 اپریل 2018 15:10

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر خواجہ عبدالقیوم نے ملک یوسف کی قیادت میں ملنے والے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ ملزمان کو ہر صورت گرفتار کیا جائے گا۔وفد میں شامل تحریک انصاف کے رہنما چوہدری محبوب ایڈووکیٹ ،پیپلزپارٹی کے رہنما آفتاب انجم ایڈووکیٹ ،مسلم لیگی رہنما ظفر ملک اور راجہ گلفراز نے ڈی ایس پی کوتوجہ دلائی کہ اویس نواز پر لڑائی جھگڑے کی 4سے زائد ایف آئی آر درج ہیں مگر پولیس نے کبھی بھی اُسے گرفتار نہیں کیا جس کی وجہ اُس کا بااثر باپ ملک نواز ہے ۔

ڈی ایس پی کا کہنا تھا کہ اب وہ دور گزر گیا ہے جب پولیس پر دباؤ ڈالا جاتا تھا ہم میرٹ کے مطابق کیس کو انجام تک پہنچائیں گے اور آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ ملزمان کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں ایک دن ہمارے ہاتھ ضرور آئیں گے۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ مغوی اکرام پولیس کو بیان دے گا جس کے بعد ٹارچر سیل میں تشدد کرنے اور عریاں فلم بنانے کے حوالے سے قانون کے مطابق جو بھی مزید دفعات شامل کرنا ہوئی ہم شامل کر لیں گے۔وفد کے مطالبہ پر ڈی ایس پی خواجہ قیوم نے کہا کہ مقدمہ کی تفتیش ایس ایچ او تھانہ پولیس کوٹلی طاہر ایوب خود کرینگے جب کہ ایس ایس پی کوٹلی عرفان سلیم کے حکم پر میں تمام معاملات کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔