Live Updates

اغواء کے مقدمے میں ملزمان کی عدم گرفتاری کیخلاف اہلیان راج محل ریلی کی صورت میں کوٹلی پہنچ گئے

ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ‘ڈپٹی کمشنر کی مظاہرین کو یقین دہانی

پیر 23 اپریل 2018 15:10

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے رہنما نعیم اصغر ملک کے بھائی ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال کے تاجر اکرام اصغر کے اغواء کے مقدمہ میں نامزد ممبر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی ملک محمد نواز خان کے بیٹے اویس نواز سمیت دیگر چار ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف اہلیان راج محل ڈاکٹر نعیم اصغر ملک کی قیادت میں ریلی کی صورت میں کوٹلی پہنچ آئے ۔

دھنواں سے درجنوں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر مشتمل احتجاجی ریلی مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی لاری اڈہ سے کوٹلی شہر میں داخل ہوئی جہاں شرکائے ریلی ظلم وستم ہائے ہائے ،غنڈہ گردی ہائے ہائے ،اویس نواز سمیت تمام ملزمان کو گرفتار کرو کے فلک شگاف نعرے لگاتے آبشار چوک پہنچے ۔

(جاری ہے)

آبشار چوک میں شرکائے ریلی کی جانب سے لگائے جانے والے نعروں کے دوران ڈپٹی کمشنر کوٹلی کی ہائوسنگ سکیم میں داخل ہونے والی گاڑی شرکاء کے روڈ پر کھڑا ہونے کی وجہ سے رک گئی ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبدالوحید کیانی نے مظاہرین کو بتا یا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔آبشار چوک سے شرکائے احتجاج پیدل کچہری کی جانب روانہ ہوئے تو ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال روڈ کے تاجران نعرے بازی کرتے مین گیٹ پہنچ کر بڑے جلوس میں شامل ہوئے ۔ریلی سلطانیہ بازار سے ہوتی ہوئی گیٹ نمبر ٹو سے کچہری میں داخل ہوئی تووہاں سے مسلم لیگ ن حلقہ ون کے امیدوار یوسف ملک ایڈووکیٹ ،سابق ممبر کشمیر کونسل چوہدری محبوب ایڈووکیٹ ،صدر مسلم لیگ ن حلقہ ون ظفر ملک ،سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن محمد نجیب راجہ ایڈووکیٹ ،ملک مشتاق احمد ایڈووکیٹ ،ناصر کمال یوسف ایڈووکیٹ ،اشفاق سیٹھی ،ملک خادم حسین ،محمد علی راٹھور ایڈووکیٹ سمیت کثیرتعداد میں مقامی قیادت اور کارکنان جلوس میں شامل ہوئے ۔

ڈپٹی کمشنر آفس اور ایس ایس پی آفس پہنچنے پر ریلی احتجاجی جلسہ کی شکل اختیار کر گئی ۔احتجاجی جلسہ سے مسلم لیگ ن حلقہ ون کے ٹکٹ ہولڈر یوسف ملک ایڈووکیٹ ،ظفر ملک ،سابق ممبر کشمیر کونسل چوہدری محبوب ایڈووکیٹ ،نعیم اصغر ملک ،محمد نجیب راجہ ایڈووکیٹ اور دیگر مقررین نے خطاب کیا ۔یوسف ملک ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں حلقہ ون کے ایم ایل اے سابق سینئر وزیر ملک محمد نواز خان کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ملک نواز نے حلقہ کے لوگوں کے حقوق غصب کئے ۔

ہم اکرام اصغر ملک کے اغواء کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور انتظامیہ کو بتانا چاہتے ہیں کہ اگر ملزمان کو فی الفور گرفتار نہ کیا گیا تو پھر بھر پور احتجاجی تحریک چلائی جائے گی ۔ہم ملک نواز کی دھنواں میں لیز شدہ1240کنال زمین کی لیز منسوخ کرانے وزیر اعظم آزاد کشمیر کے پاس مظفر آباد تک جائیں گے ۔اکرام اصغر کے واقعہ کے فوری بعد تھانہ سٹی کوٹلی کے ایس ایچ او نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری مقدمہ درج کر لیا ۔

ہم ملزمان کی گرفتاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔نعیم اصغر ملک نے احتجاجی ریلی میں شرکت پر جملہ شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔نعیم اصغر ملک کے مطابق مغوی اکرام اصغر نے بازیابی کے بعد بتایا کہ ملک نواز کے بیٹے اویس نواز نے رولی میں ٹارچر سیل قائم کر رکھا ہے ۔جہاں ٹوکے ،اسلحہ اور دیگر سامان بھی موجود ہے ۔علاوہ ازیں کیمسٹ ایسوسی ایشن کوٹلی کی کال پر احتجاجی ریلی کے دوران ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال روڈ پر دکانیں بند رہیں اور تاجران نے احتجاجی ریلی میں بھر پور شرکت کی ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات