لاپتہ بچیوں کو اگلی پیشی تک بازیاب نہ کروایا گیا تو پولیس افسران جیل جانے کے لیے تیار رہیں-اسلام آباد ہائی کورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 23 اپریل 2018 13:36

لاپتہ بچیوں کو اگلی پیشی تک بازیاب نہ کروایا گیا تو پولیس افسران جیل ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23 اپریل۔2018ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ہائیکورٹ میں 2 بچیوں کے اغوا سے متعلق کیس میں عدالت نے آئندہ سماعت تک بچیوں کو ہر صورت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں پونے 2 سال سے لاپتہ بچیوں سمیعہ اور ادیبہ کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سماعت کی۔

سماعت کے دوران پنجاب اور اسلام آباد پولیس کے ایس ایس پی عدالت میں پیش ہوئے۔ اسلام آباد پولیس نے عدالت کو رپورٹ پیش کردی۔دوران سماعت ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ بچیوں کی تلاش میں پیش رفت ہوئی ہے 3 افراد کو شامل تفتیش کیا۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ مجھے کوشش نہیں نتیجہ چاہیئے۔

(جاری ہے)

سابق آئی جی طاہر عالم نے عدالتی احکامات پر تنقید کی ہے کیا طاہر عالم اسلام آباد پولیس کے ترجمان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں آج بھی تھانے آکشن ہوتے ہیں۔ ایک سب انسپکٹر ایسا ہے جو آئی جی کے تبادلے کرواتا ہے‘سابق آئی جی طاہر عالم کو توہین عدالت کا نوٹس دیں گے۔جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ گمشدہ بچیاں میری بیٹیاں ہیں۔انہوں نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت تک بچیوں کو ہر صورت پیش کریں‘بچیاں پیش نہ ہوئیں تو آئی جی سمیت سب افسران کو اڈیالہ جیل بھیجوں گا۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 2 مئی تک ملتوی کردی۔