سعودی عرب میں بس اور آئل ٹینکر کے تصادم کے نتیجے میں 4 برطانوی معتمرین جاں بحق

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 23 اپریل 2018 13:36

سعودی عرب میں بس اور آئل ٹینکر کے تصادم کے نتیجے میں 4 برطانوی معتمرین ..
مکہ مکرمہ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23 اپریل۔2018ء) سعودی عرب میں بس اور آئل ٹینکر کے تصادم کے نتیجے میں 4 برطانوی معتمرین جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے ہیں۔برطانوی معتمرین عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود تھے، حادثہ اس وقت پیش آیا ہے جب بس مدینہ سے مکہ جارہی تھی کہ آئل ٹینکر سے جاٹکرائی۔حادثہ مکہ کے قریب الاخلاص کے علاقے میں پیش آیا جہاں معتمرین سے بھری بس سامنے سے آنے والے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی، ایندھن کی وجہ سے بس میں آگ بھڑک اٹھی۔

(جاری ہے)

حادثے میں جاں بحق اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، جبکہ شناخت کا عمل جاری ہے۔برطانوی وزارت خارجہ نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب میں عمرے کی ادائیگی کے لیے جانے والے4 برطانوی شہری ایک حادثے میں جان کی بازی ہار گئے ہیں، اس حوالے سے مزید تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔بس میں سوار مسافروں کا تعلق برطانیہ کے مختلف علاقوں سے تھا جن میں برمنگھم، ایگرینگٹن، ولور ہیمپٹن، بلیک برن اور پرسٹن شامل ہیں۔