عوام کو صافی پانی کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے‘ حافظ حفیظ الرحمن

پیر 23 اپریل 2018 12:10

گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے ہیلی چوک، ریڈیو پاکستان، ذوالفقارآباد، اپر جوٹیال اور دیگر ملحقہ علاقوں کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پانی کے فراہمی کے منصوبے پر جاری کام کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ عوام کو صاف پینے کا پانی فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے صاف پانی کی فراہمی کیلئے منصوبوں کا آغاز کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے جوٹیال میں خواتین کے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے کہاکہ منصوبے کو جون کو ہر صورت مکمل کیا جائے اور عوام کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنائی جائے۔ حافظ حفیظ الرحمن نے سیکریٹری بلدیات اور واسپ کے متعلقہ آفیسران کو ہدایت کی ہے کہ پانی کی فراہمی سے قبل پانی کا لیبارٹری ٹیسٹ لازمی کرایا جائے تاکہ حکومت کے ویژن کے مطابق صاف پینے کا پانی عوام کو فراہم کیا جاسکے۔