سی پیک وقتی نہیں نسلوں کا منصوبہ ہے‘ یہ نہ صرف پاکستان بلکہ افغانستان اور وسط ایشیاء کی ریاستوںکو دنیا سے منسلک کرے گا‘ سی پیک کے تحت انفراسٹرکچر‘ بجلی اور موٹر ویز بنائی جارہی ہیں‘ ان منصوبوں میں معاشی فوائد کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ کو مدنظر رکھا جارہا ہے‘ پاکستان سی پیک کے تحت پورے خطے کی خوشحالی چاہتا ہے

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا سی پیک کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب

پیر 23 اپریل 2018 12:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اپریل2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سی پیک وقتی نہیں بلکہ نسلوں کا منصوبہ ہے‘ سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ افغانستان اور وسط ایشیاء کی ریاستوںکو دنیا سے منسلک کرے گا‘ سی پیک کے تحت انفراسٹرکچر‘ بجلی اور موٹر ویز بنائی جارہی ہیں‘ ان منصوبوں میں معاشی فوائد کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ کو مدنظر رکھا جارہا ہے‘ پاکستان سی پیک کے تحت پورے خطے کی خوشحالی چاہتا ہے۔

وہ پیر کو یہاں وزرات منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات اور ایک نجی میڈیا گروپ کے مشترکہ تعاو ن سے پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ تین سال پہلے سی پیک کا کسی کو پتہ نہیں تھا چینی صدر نے ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کے تحت علاقائی روابط کا منصوبہ پیش کیا سی پیک وقتی نہیں بلکہ نسلوں کا منصوبہ ہے سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ افغانستان اور وسط ایشیاء کی ریاستوں کو بھی دنیا سے منسلک کرے گا۔

(جاری ہے)

اس منصوبے سے توانائی‘ انفراسٹرکچر سمیت دیگر سہولیات میسر آئیں گی۔ سی پیک دو ملکوں کے درمیان شراکت داری کا منصوبہ ہے اس سے پاکستان کو ترقی کی بنیاد ملی ہے۔ سی پیک اب حقیقت بنتا جارہا ہے توانائی کے دو منصوبے مکمل ہوچکے ہیں جبکہ ایک پر کام جاری ہے ملک میں موٹر ویز بنائی جارہی ہیں تھر کول بجلی منصوبے سے بجلی کے حصول کا خواب پورا ہوگا سی پیک کے منصوبوں میں معاشی فوائد کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ کو بھی مدنظر رکھا جارہا ہے۔ پاکستان سی پیک کے ذریعے نہ صرف اپنی ترقی بلکہ پورے خطے کی خوشحالی چاہتا ہے افغانستان سمجھتا ہے کہ سی پیک سے اس کو بھی فائدہ پہنچے گا۔