پیار تقسیم ہونے کی رنجش ، لے پالک بیٹے نے چھوٹے بھائی کو گلا دبا کر قتل کردیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 23 اپریل 2018 11:10

پیار تقسیم ہونے کی رنجش ، لے پالک بیٹے نے چھوٹے بھائی کو گلا دبا کر قتل ..
گوجرہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اپریل 2018ء) : پیار تقسیم ہونے کی رنجش پر ایک لے پالک بیٹے نے چھوٹے بھائی کو گلا دبا کر مار دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لے پالک نے اپنے ماموں کے نو سالہ بیٹے کو گلا دبا کر قتل کر دیا۔ چک نمبر 337 ج ب کے ساجد عباس نے اپنی بہن سے اس کا بیٹا لے کر پال رکھا تھا ، بعد ازاں اس کے ہاں بھی اولاد ہو گئی تو محمد رحمان اور اپنے حقیقی بیٹے محمد عاطف کو اپنے پاس ہی رکھا، پیار تقسیم ہونے کے رنج پر گذشتہ روز 15 سالہ محمد رحمان اپنے ماموں زاد بھائی نو سالہ محمد عاطف کو اپنے ہمراہ فصلوں میں لے گیا اور وہاں پر اس کا گلہ دبا کر قتل کر دیا ، قتل کے بعد 9 سالہ ماموں زاد کی لاش کو کھیتوں میں ہی پھینک دیا۔

پولیس نے خبر موصول ہونے پر لاش کو تحویل میں لے کر رورل ہیلتھ سینٹر نواں لاہور پہنچائی اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر ساجد عباس کے لے پالک بیٹے کو گرفتار کر لیا ، 15 سالہ نوجوان نے پولیس حراست میں مبینہ طور پر اپنے ماموں زاد بھائی کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے لاش کو پوسٹمارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا ہے۔ جبکہ ساجد کی رپورٹ پر قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔ میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔