لیبیاکے شہر درنہ میں فوج نے دہشتگردوں کے گڑھ کا کنٹرول حاصل کر لیا

پیر 23 اپریل 2018 10:30

طرابلس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) لیبیا فوج کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ملک کے شمال مشرق میں واقع شہر درنہ کے داخلی راستے پر الحیلہ عسکری کیمپ پر کنٹرول حاصل کر لیا گیا ہے۔ یہاں پر القاعدہ تنظیم سے تعلق رکھنے والے گروپوں نے قدم جما رکھے تھے۔

(جاری ہے)

روسی نیوز ایجنسی سپٹنک نے مذکورہ ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ الحیلہ کے اطراف میں لیبیا کی فوج اور دہشت گرد جماعتوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جن کے بعد دہشت گرد جماعتوں کے گڑھ الحیلہ عسکری کیمپ کا مکمل کنٹرول لے لیا گیا۔

دوسری جانب لیبیا کی فوج کے سرکاری ترجمان میجر جنرل احمد المسماری نے بتایا کہ لڑاکا طیاروں نے بنی ولید شہر میں السدادہ کے نزدیک دہشت گرد جماعتوں کے ٹھکانوں پر حملے کئے۔انہوں نے کہاکہ حملوں میں دہشت گرد جماعتوں کے استعمال میں مسلح گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ادھر مسلح افراد نے لیبیا کی الواحہ کمپنی کی ملکیت تیل کی پائپ لائنوں پر حملہ کیا۔ حملے کے نتیجے میں تیل کی سپلائی لائن میں آگ بھڑک اٹھی۔