اٹک‘وزیر اعلیٰ شہباز شریف ڑالہ باری و بارشوں کے متاثرہ کسانوں کو امداد دلائیں انہیں مذاق مت بنائیں، احمد خانزادہ

متاثرین کو بلدیہ حضرو میں جہانگیر خانزادہ ، ڈی سی اٹک کے نام پر بلایا گیا مگر انہوں نے خود آنے کی زحمت گوارہ نہ کی گاؤں گاؤں مساجد میں صوبائی وزیر کا نام لیکر سیاسی مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کی گئی، ڈی سی خود نگرانی کریں متاثرین کو برابر معاوضہ نہ دیا گیا تو ہم ان کے ساتھ مل کر احتجاج کرینگے، امیدوار صوبائی اسمبلی کا رد عمل

اتوار 22 اپریل 2018 23:20

اٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اپریل2018ء) خانزادہ تاج محمد خان گروپ کے چیئرمین و امیدوار صوبائی اسمبلی احمد خانزادہ نے کہا ہے کہ حالیہ ڑالہ باری اور بارشوں سے تباہ فصلوں نے کسانوں کو نقصان کے بوجھ تلے دب دیا ہے ، جس طرح کسانوں کا لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے اس پر وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو خود چھچھ کا دورہ کرکے علاقہ کو آفت زدہ قرار دیکر امداد کا اعلان کرنا چاہئے تھا ، چھچھ کے متاثرین کو بلدیہ حضرو میں اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کے نام پر بلایا گیا مگر انہوں نے خود آنے کی زحمت گوارہ نہ کی اور پٹواریوںو سیاسی سپورٹرز کو بھیج دیاجو کہ کسانوں کے ساتھ ایک سنگین مذاق ہے ،حکومت پنجاب تمام کسانوں کو بلا تفریق نقصان کا پورا پورا معاوضہ ادا کرے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے سخت رد عمل میں کیا، احمد خانزادہ نے مزید کہا کہ جب ڈی سی اٹک ، اے سی حضرو نے متاثرین چھچھ سے ملاقات نہیں کرنا تھی تو گاؤں گاؤں مساجد میں صوبائی وزیر کا نام لیکر کیوں اعلانات کئے گئے اور فیس بک پر اشتہارات لگائے گئے کہ یہ شخصیات چھچھ کے کسانوں سے ملاقات کرینگے اور معاوضہ دینگے مگر یہ سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کڑی نکلی ہے ، احمد خانزادہ نے کہا کہ جن لوگوں کو بٹھا کر لوگوں کو حضرو بلوایا گیا یہ کب انصاف سے امداد دلوا سکیں گے کیونکہ یہ تو خود سیاسی ہیں اور پٹواری بھی وہی کرینگے جو یہ لوگ کہیں گے اور اگر چھچھ کے متاثرین کو زمین اور نقصان کے حساب سے برابر معاوضہ نہ دیا گیا تو ہم ان متاثرین کے ساتھ مل کر احتجاج کرینگے۔