ہالی وڈ اداکارہ کا فلسطین مخالف پالیسی پراحتجاجا اسرائیلی انعام لینے سے انکار

اتوار 22 اپریل 2018 23:20

ہالی وڈ اداکارہ کا فلسطین مخالف پالیسی پراحتجاجا اسرائیلی انعام لینے ..
تل ابیب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اپریل2018ء) ہولی وڈ کی عالمی شہرت یافتہ اداکارہ نتالی پورٹمین نے اسرائیل کے وزیراعظم کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے تل ابیب میں منعقد ہونے والی جینیس پرائز ایورڈ کی تقریب میں شرکت سے انکار کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ادارہ نتالی پورٹمین نے موقف اختیار کیا کہ مذکورہ تقریب میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو خطاب کریں گے اور میری موجودگی ان کے بیان کی حمایت تصور ہو گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں نتالی پورٹمین کو ان کے سماجی کاموں اور یہودیوں کے ساتھ گہرے مراسم کے اعتراف میں اسرائیل نے جینئس پرائز 2018 کے اعزاز سے نوازا تھا۔جینئس پرائز فانڈیشن کے مطابق نتالی پورٹیمن نے بیت المقدس میں منعقد ہونے والی تقریب میں شرکت سے انکار کردیا جس کے بعد وہ انعامی رقم 20 لاکھ ڈالر سے بھی محروم ہو جائیں گی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب نتالی پورٹمین کے ترجمان نے فانڈیشن کو آگاہ کیا کہ وہ اسرائیل میں حالیہ واقعات کے تناظر میں پریشان ہیں اور اسرائیل میں کسی بھی عوامی نوعیت کی تقریب میں شرکت کے لیے تیار نہیں۔بیک وقت امریکا اور اسرائیل کی شہریت رکھنے والی اداکارہ نتالی پوٹیمین غزہ پٹی اور اسرائیل کی سرحد پر احتجاج کرنے والے پر امن فلسطینی مظاہرین کے قتل عام پر شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔

یاد رہے کہ 30 مارچ کو غزہ کی پٹی میں سرحدی باڑ پر احتجاج کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 15 فلسطینی جاں بحق اور 1400 زخمی ہوگئے تھے جو 2014 کے بعد ایک روز میں پیش آنے والے بدترین واقعات میں سے ایک ہے۔خیال رہے کہ فلسطینی، اسرائیلی قبضے اور مقامی افراد کو بے دخل کرنے کے 70 برس مکمل ہونے کے سلسلے میں احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں اور 15 مئی کو وسیع پیمانے پر سرحدی باڑ کے ساتھ احتجاج کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔اس واقعے کے بعد ہونے والے مظاہروں پر اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے مزید کئی افراد جاں بحق ہوئے جس کے نتیجے میں ایک ہفتے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 38 ہوگئی تھی۔