کراچی، کے الیکٹرک کی اذیت ناک لوڈ شیڈنگ میں مسلسل اضافے ،پانی کی عدم فراہمی ،27اپریل کو پُر امن ہڑتال کو کامیاب بنانے کے حوالے سے جماعت اسلامی کا اجلاس

اتوار 22 اپریل 2018 22:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2018ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت ادارہ نورحق میں کے الیکٹرک کی اذیت ناک لوڈ شیڈنگ میں مسلسل اضافے ،پانی کی عدم فراہمی ،27اپریل کو شہر بھر میں پُر امن ہڑتال کو کامیاب بنانے کے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں نائب امراء کراچی برجیس احمد ، مظفر احمد ہاشمی ، ڈاکٹر اسامہ رضی، مسلم پرویز ، ڈاکٹر واسع شاکر ، محمد اسحاق خان ،محمد اسلام ، سکریٹری کراچی عبد الوہاب ، ڈپٹی سکریٹریز سیف الدین ایڈوکیٹ اور راشد قریشی ، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری امراء اضلاع یونس بارائی ، عبد الرزاق خان ، منعم ظفر خان ، عبد الرشید، عبد الجمیل اور قیمین اضلاع ودیگر موجود تھے ۔

اجلا س میں 20اپریل کو کراچی پریس کلب پر کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ کے خلاف ہونے والے بڑے اور اہم عوامی مظاہرے کاتفصیلی جائزہ بھی لیا گیا اور27اپریل کو شہر بھر میں پُر امن ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے لائحہ عمل واقدامات بھی طے کیے گئے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد سے رابطوں کے لیے مرکزی اور ضلعی سطح پر کمیٹیاں بنادی گئیں ۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہری پینے کے لیے پانی اور گرمی کی شدت میں اضافے کے باوجود اذیت ناک لوڈ شیڈنگ سے بلبلا اٹھے ہیں جبکہ شہری وفاقی اور صوبائی حکومت کی بے حسی پر سراپا احتجاج ہیں ، جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک اور پانی کے فراہمی کے لیے تحریک جاری رکھی ہوئی ہے ، 27اپریل کو شہر بھرمیں پُر امن ہڑتا ل کو ہر صورت میں کامیاب بنائیں گے ،انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی جمہوری عمل پر یقین رکھتی ہے اور ہڑتال مسائل حل کرانے کے لیے ایک جمہوری طریقہ ہے ، شہر کراچی میں پانی اور بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پہلے ہی کراچی کی تجارتی مارکیٹیں اور صنعتیں بند ہورہی ہیںشہری اب ہڑتال کو کامیاب کر کے مسائل حل کرانے میں جماعت اسلامی کی ’’حقوق کراچی تحریک ‘‘کا حصہ بنیں اور حکام بالا کو مجبور کریں تاکہ مسائل حل ہوسکیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کراچی تشریف لارہے ہیں ، میں ان سے مطالبہ کرتا ہوں کہ کراچی میں اذیت ناک لوڈ شیڈنگ ، پانی کی قلت کا فوری نوٹس لیں اور کے الیکٹرک کو پابند کریں کہ وہ جنریشن پلانٹس فرنس آئل پر چلاکر شہریوں کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے وکلاء برادری، علماء کرام، اساتذہ ، طلباء ،انجینئرز، ڈاکٹرز ، تاجر ، مزدور ، اقلیتی برادری، سول سوسائٹی و انسانی حقوق سے وابستہ تمام افراد سے اپیل کی ہے کہ 27اپریل کو کے الیکٹرک کے خلاف شہر بھر میں پُر امن ہڑتال کو کامیاب بنائیں ۔#