لاہور،شہباز شریف نے جنوبی پنجاب کے فنڈز لاہور کی روشنیوں پر خرچ کئے، قاضی زاہد حسین

شہباز شریف کراچی والوں کو روشنیاں دینے کے خواب دکھانے کی بجائے بہاولپور،راجن پور،مظفر گڑھ،بہاولنگر،لیہ اور ملتان کو لوڈ شیڈنگ سے پاک کریں اور پنجاب کے پسماندہ اضلاع کا استحصال کرنے پر وہاں کے عوام سے معافی مانگیں، صدر پاکستان عوامی تحریک

اتوار 22 اپریل 2018 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کہا ہے کہ مسلسل 10سال جنوبی پنجاب کے تعلیم ،صحت کے فنڈز لاہور کی روشنیوں پر خرچ کرنیوالے شہباز شریف کراچی والوں کو روشنیاں دینے کے خواب دکھانے کی بجائے بہاولپور،راجن پور،مظفر گڑھ،بہاولنگر،لیہ اور ملتان کو لوڈ شیڈنگ سے پاک کریں اور پنجاب کے پسماندہ اضلاع کا استحصال کرنے پر وہاں کے عوام سے معافی مانگیں۔

جنوبی پنجاب کو ظلم کا نشانہ بنانے کی وجہ سے وہاں کے منتخب نمائندوں نے ن لیگ کو چھوڑ دیا ۔خدا نہ کرے شہباز شریف وزیر اعظم بنے یہ سانحہ ہو گیا تو پھر لاہور کی طرح کراچی ،پشاور،کوئٹہ میں بھی سانحہ ماڈل ٹائون جیسے واقعات ہونگے،جعلی کمپنیاں بنیں گی اور قومی دولت کی لوٹ مار کا نیا سیاہ دور شروع ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روز یہاں عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔

قاضی زاہد حسین نے کہا کہ شہباز شریف کی میٹرو پھکی سندھ میں نہیں بکنے والی جو وزیر اعلیٰ کمپنیاں بنا کر پنجاب کو لوٹتا رہا وہ کراچی کے چکر لگانے کی بجائے عدالتوں میں جاکر اپنے اوپر عائد الزامات کا دفاع کرے اور نیب کو 56کمپنیوں کی مکمل دستاویزات جمع کروائے۔انہوں نے کہاکہ شہباز شریف سانحہ ماڈل ٹائون کے ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ سا ز ہیں۔

کراچی کے عوام پہلے ہی بہت زیادہ زخم خوردہ ہیں وہ کسی قاتل کو اپنی سر زمین پر دھوکہ دہی کا کوئی نیاجال بننے کی اجازت نہیں دینگے۔قاضی زاہد حسین نے کہاکہ پنڈی، ملتان اور لاہور کے عوام نے میٹرو منصوبوں کو مسترد کر دیا ،یہ سفید ہاتھی منصوبے غریب اور مقروض پاکستان کے معاشی مسائل میں اضافے کا سبب ہیں ۔اورنج اور میٹرو منصوبوں پر خرچ ہونیوالی رقم اگر پنجاب بھر کی سڑکوں پر خرچ کی جاتی تو اس رقم سے 40ہزار کلومیٹر سڑکیں تعمیر ہو سکتی تھیں ۔

فارم ٹو مارکیٹ انفراسٹرکچر کی تعمیر سے زرعی شعبے میں انقلاب آ جاتا مگر پنجاب کی اشرافیہ نے ’’میگا منصوبے میگا کرپشن‘‘ کے ایجنڈے کے تحت پنجاب کی صرف 4سڑکوں پر 4سو ارب جھونک دیا ۔انہوں نے کہاکہ شہباز شریف کا دورہ کراچی انکے دورہ پشاور کی طرح ناکام رہا انہیں کسی نے گھاس نہیں ڈالی۔انہوں نے کہا کہ کراچی،پشاور،کوئٹہ اورلاہور کے عوام شہباز شریف کو سانحہ ماڈل ٹائون کا ذمہ دار سمجھتے ہیں اور انکا انسداد دہشتگردی کی عدالت میں ٹرائل چاہتے ہیں۔