انوشکا شرما کے بڑھاپے والے روپ کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی چہ مگوئیاں شروع

اتوار 22 اپریل 2018 18:20

انوشکا شرما کے بڑھاپے والے روپ کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی ..
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2018ء) بالی وڈ کی خوبرو اداکارہ اور بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی کی اہلیہ انوشکا شرما کے بڑھاپے والے روپ کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی چہ مگوئیاں شروع ہوگئی ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق انوشکا شرما نے اس وقت دو فلمیں سائن کی ہوئی ہیں جن میں ایک سوئی دھاگا اور دوسری زیرو ہے جس میں ان کے ساتھ شاہ رخ خان اور کترینہ کیف کام کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

وائرل ہوئی تصویر میں دیکھا گیاکہ انوشکا ایک نئے روپ میں جلد جلوہ گر ہونے والی ہیں جس میں وہ ایک معمر خاتون دکھائی دیں گی جس کیلئے ان کا میک اپ آرٹسٹ میک اپ بھی کر رہی ہیں۔تصویر کے وائرل ہوتے ہی مداحوں کی جانب سے قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ آیا یہ ان کی تصویر فلم زیرو کی جھلک ہے یا فلم سوئی دھاگا کی اور بعض افراد نے خیال ظاہر کیا کہ شاید کسی اشتہار کے لئے انوشکا شرما بڑھاپے کا روپ دھار رہی ہیں۔یاد رہے کہ فلم ’زیرو‘ میں اداکارہ ایک سائنسدان کا کردار ادا کریں گی ،ْ فلم سوئی دھاگا میں ادکارہ ایک چھوٹے سے گاؤں میں کام کرنے والی گھریلو خاتون کے کردار میں نظر آئیں گی۔