چیف جسٹس آف پاکستان نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سائلین کے مسائل سنے ، درخواستیں وصول کیں

اتوار 22 اپریل 2018 17:20

لاہور۔22 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار نے اتوار کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہر سائلین کی بڑی تعداد کو دیکھ کر واپس آکر سائلین کے مسائل سنے اور ان سے درخواستیں وصول کیں، چیف جسٹس نے فنانس سیکرٹری پنجاب کو حکم دیا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تنخواہیں ادا کی جائیں،چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ہفتہ وار تعطیل کے باوجود سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اتوار کو ازخود نوٹس پر سماعت کی، سماعت مکمل ہونے پر جب وہ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری سے روانہ ہوئے تو باہر موجود سائلین نے ان کے حق میں نعرے لگائے اور استدعا کی کہ ان کی داد رسی کی جائے،چیف جسٹس پاکستان نے سائلین کو دیکھ کر گاڑی دوبارہ سپریم کورٹ رجسٹری لے جانے کی ہدایت کی اور حکم دیا کہ سائلین کو درخواستوں سمیت ان کے چیمبر میں آنے دیا جائے،چیف جسٹس پاکستان نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر تشویش کا اظہار کیا اور ریمارکس دیے کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو کیوں مستقل نہیں کیا جارہا، ہماری مائیں، بہنیں اور بیٹیاں دو دن تک احتجاج کرتی رہیں،سیکرٹری فنانس کو کہیں کہ اپنے جانے سے پہلے اس مسئلے کو حل کرکے جائیں،عدالت نے اسسٹنٹ لینڈ ریکارڈ ارم شہزادی کا دوسرے ضلع میں تبادلے کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ڈی لینڈ ریکارڈ پنجاب کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔