وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ، ریونیو و اقتصادی امور ڈویژن ڈاکٹر مفتاح اسماعیل کی ورلڈ بنک کی چیف ایگزیکو آفیسر مس کرسٹالینا جیورجیوا سے ملاقات

ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے پاکستان میں پورٹ فولیو کے ساتھ ساتھ مستقبل کے زیر غور منصوبوں پر روشنی ڈالی

اتوار 22 اپریل 2018 17:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ، ریونیو و اقتصادی امور ڈویژن ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نی واشنگٹن میں ورلڈ بنک کی مینیجنگ ڈائریکٹر/چیف ایگزیکو آفیسر مس کرسٹالینا جیورجیوا سے ملاقات کے دوران عالمی بنک کے پاکستان میں پورٹ فولیو کے ساتھ ساتھ مستقبل کے زیر غور منصوبوں پر روشنی ڈالی۔

انھوں نے گزشتہ 5سال کی پاکستان کی مجموعی اقتصادی کارکردگی سے انھیں آگاہ کیا اورکہا کہ رواں مالی سال کے دوران بھی پاکستان مجموعی قومی پیداوار کی شرح نمو کا ہدف حاصل کر نے میں کامیاب رہا ہے اور مجموعی قومی پیداوارکی شرح میں بڑھوتی آئندہ برسوں میں بھی برقرار رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی معیشت کے مختلف شعبوں کی کارکردگی کے نتیجہ میں جی ڈی پی کی شرح نمو کے ہدف کے حصول میں مدد ملی ہے۔

(جاری ہے)

مشیر خزانہ نے حکومت کے مختلف اقتصادی اقدامات کے نتیجہ میں ہونے والی برآمدات میں بہتری کی طرف بھی ورلڈ بنک کی مینیجنگ ڈائیریکٹر کی توجہ مبذول کرائی۔ ورلڈ بنک کی مینیجنگ ڈائیریکٹر نے حکومت پاکستان کی طرف سے اصلاحاتی ایجنڈا پر عملدرآمد کے اقدامات کو سراہا اور ایس ایز پر ،نئے کاروبار کے آغاز پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے ورلڈ بنک کے تعاون کا یقین دلایا۔

وزیر اعظم کے مشیر مفتاح اسماعیل نے پاکستان اور بھارت کے مابین پن بجلی کی منصوبوں کی تعمیر کے حوالے سے تنازعات کی جانب بھی عالی بنک کی مینیجنگ ڈائریکٹر کی توجہ مبذول کرائی اور مطالبہ کیا کہ عالمی بنک سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنا کردار ادا کرے۔مشیر نے سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین کے ہمراہ عالی بنک کی کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے ٹیم سے بھی ملاقات کی ،عالمی بنک کی ٹیم کی قیادت قائم مقام چیف اکانومسٹ کر رہے تھے۔

مشیر خزانہ نے ٹیم کو آگاہ کیا کہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول کی فراہمی کے لئے 75اقسام کی اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔ انھوں نے امریکہ پاکستان بزنس کونسل اور کثیرالقومی امریکی بڑے وفد سے بھی ملاقات کی اور انھیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے استفادہ کرنے کی پیشکش کی ۔انھوں نے بل گیٹس فائونڈیشن کے کو چیئرمین بل گیٹس کی طرف سے ترقی پذیر ممالک کے وزرائے خزانہ کے اعزاز مین دیئے گئے عشائیہ میں بھی شرکت کی ۔

تقریب کے شرکاء نے ترقی پذیر ممالک میں صحت کے شعبہ میں تعاون کے فروغ پر بھی توجہ مرکوز رکھی۔وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ، ریونیو و اقتصادی امور ڈویژن ڈاکٹر مفتاح اسماعیل کی قیادت میں پاکستانی وفد نے آئی ایم ایف/عالمی بینک کی سپرنگ میٹنگ 2018ء میں شرکت کی، وفد نے اس موقع پر دیگر کئی ملاقاتیں بھی کی ہی مشیر خزانہ کے وفد میں گورنر سٹیٹ بنک آف پاکستان اور سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن بھی شامل تھے۔پاکستان کے ورلڈ بنک میں متبادل ایگزیکٹو ڈائیریکٹر اور واشنگٹن میںپاکستانی سفارتخانہ کے اقتصادی قونصلر نے بھی وفد کی معاونت کی۔