عرب اتحاد نے ایران کا منصوبہ ناکام بنا دیا

اتوار 22 اپریل 2018 10:50

عرب اتحاد نے ایران کا منصوبہ ناکام بنا دیا
صنعائ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2018ء) یمن کے نائب صدر جنرل علی محسن الاحمر نے ایران نواز حوثی باغیوں کو ملک دشمن قرار دیا ہے اورکہاہے کہ یمنی عوام اور سعودی عرب کی قیادت میں قائم عرب اتحاد نے جرات کا مظاہرہ کرکے یمن پرایرانی قبضے کی سازش ناکام بنا دی ہے۔یمنی قوم کو حوثیوں کی شکل میں ایک ایسے دشمن کا سامنا ہے جو اپنے بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر ملک کی تہذیب وثقافت اور یمنی قوم کے عرب تشخص کو پامال کررہے ہیں۔

یمن کے حوثی باغی ملک اور پورے خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں اور عالمی امن وسلامتی کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق مآرب شہر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں نائب صدر علی محسن الاحمر نے کہا کہ سعودی عرب نے یمن میں بروقت آپریشن شروع کر کے ایران کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے یمن میں فیصلہ کن طوفان اور بحالی امید آپریشن شروع کرکے یمنی قوم کو ایرانی سازش سے بچا لیا۔

انہوں نے حوثی باغیوں اور دیگر ملک دشمن قوتوں کے خلاف لڑائی میں مزید تیزی لانے پریقین دلایا کہ فتح اور نصرت زیادہ دور نہیں۔ یمنی قوم کو جلد حوثی دہشت گرد ٹولے سے نجات ملے گی۔انہوں نے البیضاء، الجوف،تعز، میدی اور الحدیدہ گورنریوں میں فوج کی غیرمعمولی کامیابیوں اور حوثیوں کو شکست دینے کو سراہا اور کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی قیادت میں یمنی قوم نے ایرانی مداخلت کی سازش ناکام بنا دی ہے،ایران اپنے پروردہ حوثیوں کی مالی اور فوجی مدد کرکے یمن پر اپنی اجارہ داری قائم کرنا چاہتا تھا مگر سعودی قیادت نے ایرانی عزائم خاک میں ملا دئیے۔

ایک سوال کے جواب میں جنرل الاحمر نے کہا کہ یمن کی آئینی حکومت بات چیت کے لیے تیار ہے۔ حکومت نے اقوام متحدہ کے امن مندوب اور سرپرست ممالک کے ساتھ ہرممکن تعاون کیا ہے۔ یمنی قوم کے مفاد میں منظور کی گئی عالمی قراردادوں کی پاسداری کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یمن میں قیام امن کی واحد شرط یہ ہے کہ باغی ہتھیار پھینک دیں اور پورے ملک کی باگ ڈور آئینی حکومت کے حوالے کردی جائے۔

اس کے بعد ملک میں سیاسی عمل شروع کیا جائے۔اس موقع پر یمنی فوج کے بریگیڈ 117 کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل احمد علی معوضہ نے تازہ فوجی کارروائیوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔ انہوں نے بتایا کہ تازہ لڑائی میں یمنی فوج نے صنعاء کے قریب جبل مسعودہ، جبل العر اور دیگر اہم تزویراتی مقامات کو باغیوں سے واپس لے لیا ہے۔