ملک بھر میں کہیں بھی بجلی کی قلت نہیں،موجودہ ضرورت کو پورا کرنے کے لیے کافی بجلی موجود ہے، وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس لغاری کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اتوار 22 اپریل 2018 00:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس لغاری نے کہا ہے کہ ملک بھر میں کہیں بھی بجلی کی قلت نہیں،موجودہ ضرورت کو پورا کرنے کے لیے کافی بجلی موجود ہے۔ ہفتہ کوا یک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ صرف ان دیہی اور شہری علاقوں میں کی جاتی ہے جہاں بجلی چوری ہوتی ہے یا لائن لاسز کا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کی فراہمی کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنا رہی ہے ،ملک بھر میں سیاسی اثرورسوخ پر کسی بھی علاقے کو کوئی ترجیح نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری اور لائن لاسز والے فیڈرز کو کم بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے صوبوں پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقوں میں بجلی کی چوری کو روکنے کے لیے وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت بجلی تقسیم کی کمپنیوں میں شفافیت اور کارکردگی کو بڑھانے کے لیے پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں ٹیکنالوجی پر مبنی نظام متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے شیڈول سمیت دیگر تمام متعلقہ معلومات کی تمام اپ ڈیٹس حکومت کی جانب سے تیار کردہ ایپلی کیشن ’’روشن پاکستان‘‘ پر فراہم کی جا رہی ہیں۔ اویس لغاری کا کہنا تھا کہ گزشتہ دور حکومت کے دوران ملک بھر میں روزانہ 16,16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی جس نے ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کے معاملات کے حل کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔