Live Updates

ملک چھوڑ کر بھاگنے والوں میں سے نہیں،کھرے اور کھوٹے کا مقابلہ ہے،

عوام آئندہ عام انتخابات کو ریفرنڈم بنا دیں،عمران خان سے پوچھیں کہ ان کے لوگوں نے سینیٹ کے انتخابات میں تیر کے نشان کو ووٹ نہیں دیا،قوم کو جانچنا پڑے گا کہ سب سے جھوٹے اور کھوٹے کون ہیں اور سچا کھرا کون ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 21 اپریل 2018 23:24

ملک چھوڑ کر بھاگنے والوں میں سے نہیں،کھرے اور کھوٹے کا مقابلہ ہے،
لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مجھ میں اور پرویز مشرف میں فرق ہے کیونکہ میں ملک چھوڑ کر بھاگنے والوں میں سے نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو لندن میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کھرے اور کھوٹے کا مقابلہ ہے، عوام آئندہ عام انتخابات کو ریفرنڈم بنا دیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوامی حمایت کی حق دار ہے کیونکہ مسلم لیگ (ن) ہی وہ واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوامی خدمت کی سیاست کو ترجیح دی ہے، یہی وجہ ہے کہ ملک میں جب بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اقتدار سنبھالا ملک و قوم نے ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں قوم سے کہوں گا کہ آئندہ عام انتخابات میں آپ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو اتنے ووٹ دیں کہ سب کو عوامی ریفرنڈم نظر آئے۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ان ووٹوں کی حقدار بھی ہے،یہ جماعت عوام سے حکم لیتی ہے اور عوام ہی سے ہدایات بھی لیتی ہے، عمران خان سے پوچھیں کہ کیا ان کے لوگوں نے سینیٹ کے انتخابات میں تیر کے نشان کو ووٹ نہیں دیا، کیا تیر کے نشان پر مہر نہیں لگائی اور اگر ان لوگوں نے تیر کے نشان پر مہر لگائی ہے تو کس کے کہنے پر لگائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو آج جانچنا پڑے گا کہ ان میں سب سے جھوٹے اور کھوٹے کون ہیں اور سچا اور کھرا کون ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات