2018کے انتخابات ملک میں روشن مستقبل کی نوید لے کر آئیں گے، سینیٹر سراج الحق

ک جماعت اسلامی کرپشن فری اور اسلامی اور خوشحال پاکستان کی جدوجہد جاری رکھے گی،جمعیت عربیہ کے مرکزی سالانہ اجتماع سے خطاب �پریل کو نیشنل اکنامک کونسل کے اجلاس میں خیبر پختونخواہ کے نمائندے لوڈشیڈنگ و کے الیکٹرک کے مسئلے کو اٹھائیں گے ،امیر جماعت اسلامی پاکستان

ہفتہ 21 اپریل 2018 23:23

2018کے انتخابات ملک میں روشن مستقبل کی نوید لے کر آئیں گے، سینیٹر سراج ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2018ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ 2018کے انتخابات ملک اور قوم کے لیے روشن اور تابناک مستقبل کی نوید لے کر آئیں گے ، انتخابات میں غلامان امریکہ اور غلامان مصطفیٰ ؐ کے درمیان مقابلہ ہوگا، ملک اور قوم کا درد رکھنے والوں اور ملک اور قوم کو لوٹنے والوں کے درمیان مقابلہ ہوگا،غلامان مصطفیٰ ؐ امریکا کے غلاموں اور ملک لوٹنے والوں کو شکست سے دوچار کریں گے،کرپشن کے خلاف تحریک آج بھی جاری ہے اور ہم کرپشن سے پاک اور ایک اسلامی اور خوشحال پاکستان کے قیام کی جدوجہد جاری رکھیں گے ،ملک کو اسلامی معاشی نظام اور سود سے پاک معیشت کی ضرورت ہے ،اسلامی نظام رحمت کا نظام ہے اس میں غربت ، مہنگائی اور کرپشن نہیں ہوگی بلکہ عوام کی بھلائی اور فلاح و بہبود عام ہوگی ، 24اپریل کو اسلام آبا دمیں ہونے والے نیشنل اکنامک کونسل کے اجلاس میں ہمارے خیبر پختونخواہ کے نمائندے کراچی میں لوڈشیڈنگ و کے الیکٹرک کے مسئلے کو اٹھائیں گے اور کراچی کے عوام کو ریلیف کے لیے آواز بلند کریں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد الہدیٰ ، نزد پاور ہاؤس چورنگی نارتھ کراچی میں جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے تحت دو روزہ مرکزی سالانہ اجتماع برائے ارکان و امید واران کے پہلے دن خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجتماع سے نائب قیم جماعت اسلامی پاکستان مولانا حافظ ساجد انور شاہد، منتظم جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان عبید اللہ عباسی ، امین عام پاکستان الطاف کاشمیری اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع پنڈی مولانا عارف شیرازی ،نائب امیرجماعت اسلامی صوبہ سندھ محمد حسین محنتی، امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان ، جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبدا لوحید ، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، مرکزی میڈیا کوآر ڈی نیٹر سر فراحمد و دیگر بھی موجود تھے ۔سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ جمعیت طلبہ عربیہ کی روحانی اور علمی محفل میں شرکت میرے لیے باعث سعادت ہے ، دینی تعلیمی اداروں سے وابستہ نوجوان ایک سرمایہ ہیں ، جمعیت طلبہ عربیہ کے نوجوان انقلاب کے لیے قیادت اور امام تیار کرتی ہے اور ایک عظیم مقصد اور نصب العین کے گرد جمع کرتی ہے ،آج عالم کفر ہمارے دینی مدار س اور علمائے حق سے خوفزدہ ہے ، جمعیت طلبہ عربیہ ہر قسم کے تعلقات سے بالاتر ہوکر دین کے غلبے اور امت کو ایک کرنے کی جدوجہد کررہی ہے ، جماعت اسلامی ہی غلبہ دین کی تحریک ہے اور ہم مخلوق خدا کو صرف خالق کی طرف بلاتے ہیں کسی شخصیت کی طرف نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم پوری دنیا کے اندر اپنے معاشرے کو اللہ کے نور سے منور کرنے اورکلمے کی سربلندی کی جدوجہد کررہے ہیں۔مغربی معاشرے کے اندر مادہ پرستی اور خودغرضی کی دنیا آباد ہے اور انسان کو صرف اپنی ذات کی فکر ہے ، ماں باپ اپنے بچوں کو اور اولاد اپنے ماں باپ کو بھول چکے ہیں اور وہ والدین کے خصوصی دن مناکر سمجھتے ہیں کہ حق ادا ہوگیا لیکن اللہ کا شکر ہے کہ ہمارے معاشرے میں آج بھی خاندانی نظام اور رشتوں کا عزت واحترام موجود ہے ۔

انہوںنے کہا کہ آج پوری دنیا میں 98فیصد افراد پر صرف 2فیصد اشرافیہ نے اپنا تسلط قائم کیا ہوا ہے اور بد قسمتی سے ہمارے حکمرانوں اور کرپٹ سیاستدانوں نے ہمارے ملک میں بھی یہ صورتحال پیدا کردی ہے ، آج مغرب اور امریکہ ہمارے خاندانی نظام کو تباہ و برباد کرنا چاہتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ ہمارے ملک میں سودی معیشت رائج ہے اور حکمران اس کو قائم کرنے پر مصر ہیں ،ہم سودی معاشی نظام سے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔

ہمارے پاس ملک میں تبدیلی کے لیے ایک اسلامی معاشی نظام اور اخلاقی روایات پر مشتمل نظام کا ایجنڈا ہے ، اسلامی نظام میں کوئی غریب بچہ روٹی ، تعلیم ، علاج اور چھت سے محروم نہیں ہوگا،حکمران عوام کے خادم ہوں گے اور عدالت میںغریب کو بھی انصاف ملے گا ۔ حکمران غریبوں کے وکیل اور سہارا ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ آج ملک میں بدحالی مسائل صرف اس وجہ سے ہیں کہ اسلامی نظام نافذ نہیں ، ملک کے اندر لوگ ٹیکس نہیں دیتے لیکن اگر زکوٰة کا نظام اس کی روح کے مطابق نافذ کردیا جائے تو خوشحالی ہمارا مقدر بن سکتی ہے ، حکمرانوں نے ملک اور قوم کو آئی ایم ایف او ر ورلڈ بنک کا مقروض بنادیا ہے اور عوام کو غربت سے دوچار کردیا ہے ، ملک کا بچہ بچہ بیرونی قرضوں میں جکڑا ہوا ہے لیکن حکمران عیش وعشرت کی زندگی بسر کررہے ہیں ۔

اس وقت ملک کو اسلامی معاشی نظام اور سود سے پاک معیشت کی ضرورت ہے ، ہماری حکومت قائم ہوگی تو ہم ظالمانہ ٹیکس کانظام ختم کر کے عدل وانصاف پر مبنی نظام لائیں گے اور غریبوں اور محروموں کو معاشی بوجھ سے آزاد کرائیں گے ، اسلامی نظام رحمت کا نظام ہے اس میں غربت ، مہنگائی اور کرپشن نہیں ہوگی بلکہ عوام کی بھلائی اور فلاح و بہبود عام ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کی سیاست کو ظالم ، جاگیرداروں اور کرپٹ سیاستدانوں سے نجات دلانا چاہتی ہے اور عوام کو بار بار دھوکا دینے اور قومی اداروں کو تباہ کرنے والوں سے چھٹکارا دلانا چاہتی ہے ۔ کراچی کے اندر آج یہ حال ہے کہ عوا م کو بجلی اور پانی میسر نہیں ، ملک کے سب دے بڑے شہر کے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ۔

24اپریل کو اسلام آبا دمیں ہونے والے نیشنل اکنامکس کونسل کے اجلاس میں ہمارے خیبر پختونخواہ کے نمائندے کراچی میں کے الیکٹرک کے مسئلے کو اٹھائیں گے اور کراچی کے عوام کو ریلیف کے لیے آواز بلند کریں گے ۔جماعت اسلامی نے کرپشن کے خلاف جہاد شروع کیا ہے اور سب سے پہلے مرحوم قاضی حسین احمد نے کرپشن کے خلاف اسلام آباد میں دھرنا دیا اور ہمارے کارکنان شہید ہوئے ۔

کرپشن کے خلاف تحریک آج بھی جاری ہے اور ہم کرپشن سے پاک اور ایک اسلامی اور خوشحال پاکستان کے قیام کی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔عبید اللہ عباسی نے کہا کہ جمعیت طلبہ عربیہ کے رفقاء ، امیدوار اور ارکان گھروں میں جاکر نعت و حمد اور تلاوت کی محافل کا انعقاد کریں ، مجاہد اور دین کا کا م کرنے والوں کے لیے رمضان میں دعاؤں کا اہتمام کریں ۔