فاروق ستار پر بھی گرفتاری کی تلوار لٹکنے لگی

فاروق ستار پیش نہ ہوئے تو جیل بھیج دیں گے، انسداد دہشت گردی عدالت

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 21 اپریل 2018 22:27

فاروق ستار پر بھی گرفتاری کی تلوار لٹکنے لگی
کراچی(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار- 21اپریل 2018ء) :فاروق ستار پر بھی گرفتاری کی تلوار لٹکنے لگی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کا کہنا تھا کہ اشتعال انگیز تقریر کے مقدمات کی سماعت میں فاروق ستار پیش نہ ہوئے تو جیل بھیج دیں گے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں ایم کیوایم بانی کی اشتعال انگیز تقریر کے مقدمات کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران ایم کیو ایم کے مختلف رہنما عدالت میں پیش ہوئے جبکہ فاروق ستار اس سب کے دوران غیر حاضر رہے ۔

جس پر انسداد دہشت گردی عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔انسداد دہشت گردی عدالت کا کہنا تھا کہ اشتعال انگیز تقریر کے مقدمات کی سماعت میں فاروق ستار پیش نہ ہوئے تو جیل بھیج دیں گے۔یاد رہے کہ رینجرز کی مدعیت میں ایم کیو ایم کے مختلف رہنماوں کے خلاف مقدمہ درج ہے۔ مقدمے کے مطابق بانی ایم کیوایم نے قومی اداروں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی تھی۔