آئی پی ایل 2018ء، گیل کی ایک اور جارحانہ اننگز، کنگز الیون پنجاب نے چوتھی فتح کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جما لیا، گیل 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنا کر ناقابل شکست، کرس لین کی ففٹی رائیگاں

ہفتہ 21 اپریل 2018 21:46

آئی پی ایل 2018ء، گیل کی ایک اور جارحانہ اننگز، کنگز الیون پنجاب نے چوتھی ..
کولکتہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) انڈین پریمیئر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن میں کرس گیل کی جارحانہ اننگز کی بدولت کنگز الیون پنجاب نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو شکست دے کر چوتھی فتح کے ساتھ ہی پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جما لیا، بارش کے باعث میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ہوا اور کنگز الیون پنجاب نے 125 رنز کا ہدف 11.1 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کیا، گیل نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب دھنائی کی، انہوں نے 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 62 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، کرس لین کی 74 رنز کی اننگز رائیگاں گئی۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو کھیلے گئے میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنائے، کرس لین نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 74 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان دنیش کارتھک 43 اور روبن اوتھاپا 34 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، آندرے رسل 10 رنز بنا کر چلتے بنے، سران اور اینڈریو ٹائی نی2، 2 وکٹیں لیں، جواب میں کنگز الیون پنجاب نے ہدف کے تعاقب میں 8.2 اوورز میں بغیر کسی نقصان 96 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی، اس کے بعد ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت کنگز الیون پنجاب کو فتح کیلئے 13 اوورز میں 125 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 11.1 اوورز میں ایک وکٹ پر حاصل کیا، لوکیش راہول 60 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، گیل نے مسلسل تیسرے میچ میں دھواں دار بلے بازی کا مظاہرہ کر کے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی، انہوں نے 38 گیندوں پر 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 62 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

متعلقہ عنوان :