Live Updates

پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کیلئے سب کو ایک سوچ کے تحت آگے بڑھنا ہوگا، پرویز خٹک

کرپشن سے پاک شفاف نظام کیلئے جدوجہد کرنی ہو گی،صوبائی حکومت نے اپنے منشور کے تحت پانچ سال نظام کی تبدیلی کیلئے بھر پور کوشش کی، وزیراعلیٰ کے پی کے

ہفتہ 21 اپریل 2018 21:23

پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کیلئے سب کو ایک سوچ کے تحت آگے بڑھنا ہوگا، ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کیلئے سب کو ایک سوچ کے تحت آگے بڑھنا ہوگا اور کرپشن سے پاک شفاف نظام کیلئے جدوجہد کرنی ہو گی ۔موجودہ صوبائی حکومت نے اپنے منشور کے تحت پانچ سال نظام کی تبدیلی کیلئے بھر پور کوشش کی تعلیم ، صحت سمیت تمام شعبوں میں اصلاحات لائیں ۔

2013 کے مقابلے میں آج کا خیبرپختونخوا بہت مختلف ہے جو کمی رہ گئی دوبارہ حکومت میں آکر پوری کریں گے اور آئندہ عمران خان اس ملک کے وزیراعظم ہو ں گے اور یہی وقت کی ضرورت ہے ۔تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے میرٹ کی بالادستی کے ذریعے اقلیت اور اکثریت کا فرق ختم کردیا ہے سب اللہ تعالیٰ کی مخلوق ہیں اور پاکستان کا شہری ہونے کی حیثیت سے ہندو، سکھ، عیسائی سمیت تمام اقلیتوں اور مسلمانوں کے حقوق برابر ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی حکومت نے سب کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کئے ہیں۔ ملازمتوںمیں قابلیت کی بنیاد پربھرتیاںہورہی ہیں۔سب کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کوعلم کی روشنی سے منور کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے نوشہرہ میں مسیحی اتحاد ضلع نوشہرہ کے زیر اہتمام ایسٹر کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک، رہنما پی ٹی آئی گل ریز حکیم خان ، ملک آفتاب، پاسٹر جان عالم ، چیئرمین مسیحی اتحاد ضلع نوشہرہ سٹیفن غوری، نائب صدر سہیل شاد خان اور دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

اس موقع پر ممبرکینٹ بورڈ سٹیفن غوری اور سماجی کارکن ماریہ ریاض نے اے این پی سے مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کااعلان بھی کیا۔تقریب کا انعقاد نوشہرہ کی ضلعی حکومت پرُفضل کلیسا کی سرپرستی میں ہوا۔ جبکہ اس میں کھیتولک اور کرائس چرچ سے تعلق رکھنے والی عیسائی برادری نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دی اور مسیحی اتحاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔

انہوںنے کہاکہ تمام مذاہب کا ایک اتحاد ہونا چاہیئے اس کی وجہ سے رابطوں میں تسلسل رہے گا ۔ مسائل کو سمجھنے میں مدد ملے گی اور خوشحالی کی راہ ہموار ہو گی ۔ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگ پاکستانی ہیںاور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں سب کو کردار ادا کرنا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ کسی بھی ملک یا قوم کو اپنے پائوں پر کھڑا ہونے کے لئے 70 سال کافی ہوتے ہیں۔

مگر بدقسمتی سے پاکستان ترقی اور خوشحالی کی دوڑ میں تشویشناک حد تک پیچھے رہ گیا جس کی بنیادی وجہ نااہل حکمران ہیں جنہوںنے نظام اور اداروں کو اپنے ذاتی مفادات کی خاطر بگاڑ کر رکھ دیا۔ انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف سمجھتی ہے کہ جب تک کرپٹ سسٹم کو ختم کرکے دیر پا اور قابل عمل شفاف نظام کھڑا نہیں کریں گے تب تک مسائل جوں کے توں رہیں گے ۔ خیبرپختونخوا حکومت نے پی ٹی آئی کے منشور اور وژن کے مطابق پانچ سال ہر ممکن اقدامات کئے ۔

دستیاب وسائل کو اداروں کی بہتری اور عوامی خوشحالی کیلئے انتہائی شفاف طریقے سے بروئے کار لایا ۔ عوام کو اداروں میں انصاف اور حق دلانا ہمارا منشور ہے ۔ جب ادارے بنیں گے تو خوشحالی کے راستے نکلیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ جب وہ حکومت میں آئے تو ہر طرف بد امنی تھی چیلنجز اور مشکلات کا ایک طویل سلسلہ تھا جس کیلئے ہمیں وسیع پیمانے پر جدوجہد اور اصلاحات کرنا پڑیں آج ہم فخر سے کہتے ہیں کہ خیبرپختونخو اکے حالات ماضی کے مقابلے میں مختلف ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ابھی بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے ۔ آئندہ انتخابات میں کارکردگی کی بنیاد پر کامیاب ہو کر دوبارہ حکومت بنائیں گے اور ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر ڈالیں گے ۔ پرویز خٹک نے کہاکہ اُن کی حکومت نے اقلیتی برادری کے حقوق و تحفظ اور اُن کے مسائل کے حل کیلئے بھی سنجیدہ اقدامات کئے ہیں۔ جس اقلیتی برادری نے بھی جب اُن کو دعوت دی وہ حاضر ہوئے اور دستیاب وسائل کے مطابق مدد کی ۔

تاہم جو کمی رہ گئی ہے وہ بھی پوری کریں گے انہوںنے اقلیتی برادری سے کہاکہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم پر توجہ دیں اُن پر محنت کریں صوبائی حکومت نے اقربا پروری ، سفارش ، رشوت اور امتیازات پر مبنی رویوں کا خاتمہ کیا ہے ۔ میرٹ کی بالادستی قائم کی ہے ۔ہمارے سسٹم میں کوئی بھی شخص اپنی قابلیت کی بنیاد پر آگے بڑھ سکتا ہے ۔ کسی کیلئے کوئی رکاوٹ موجود نہیں ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے بہترین کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کئے جبکہ بہترین کارکنان اور لیڈرز میں شیلڈز تقسیم کیں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات