فرنٹیر کور نے بمبور ٹاپ پر آپریشن کرکے کالعدم تنظیم کے 5شرپسندوں کو ہلاک اور 29مشتبہ سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا،

20سے زائد فراریوں نے ہتھیار ڈال کر خود کو سیکورٹی فورسز کے حوالے کردیا ہے ،خود ساختہ بیرون ملک مقیم بلوچ قومی دھارے میں آجائیں تو ریاست انہیں ویلکم کریگی، صوبائی وزیرداخلہ میرسرفراز بگٹی کی پریس کانفرنس

ہفتہ 21 اپریل 2018 21:23

فرنٹیر کور نے بمبور ٹاپ پر آپریشن کرکے کالعدم تنظیم کے 5شرپسندوں کو ..
کوئٹہ۔ 21 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) صوبائی وزیرداخلہ و قبائلی امور میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ فرنٹیر کور نے ڈیرہ بگٹی کے پہاڑی علاقے بمبور ٹاپ پر آپریشن کرکے کالعدم تنظیم کے 5شرپسندوں کو ہلاک اور 29مشتبہ سہولت کاروں کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کے تعاون کی بدولت آج ڈیرہ بگٹی کا شمار ملک کے محفوظ ترین اضلاع میں ہوتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ڈیرہ بگٹی میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی جاوید نبی کھوسہ ،فرنٹیر کور کے اعلیٰ حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا اس موقع پر 20سے زائد فراریوں نے ہتھیار ڈال کر خود کو سیکورٹی فورسز کے حوالے کردیا صوبائی وزیرداخلہ نے ہتھیار ڈالنے والے فراریوں کو قومی پرچم دیئے۔

(جاری ہے)

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ڈیرہ بگٹی شہداکی سرزمین ہے بھٹکے ہوئے دہشت گردوں نے آج قومی دھارے میں شمولیت اختیار کرلی ہے جنہیں ہم خوش آمدید کہتے ہیں خود ساختہ بیرون ملک مقیم بلوچ قومی دھارے میں آجائیں تو ریاست انہیں ویلکم کریگی ورنہ انہیں سرچھپانے کی جگہ نہیں ملے گی اور وہ مارے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ملکر حکمت عملی کے تحت دہشت گردوں کو پہلے شہری علاقوں سے مار بھگاکر پہاڑوں پر جانے پر مجبور کردیا اور اب پرامن بلوچستان پیکج کے تحت انہیں قومی دھارے میں شامل کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ فرنٹیر کور کے جوانوں نے ڈیرہ بگٹی کے علاقے بمبور ٹاپ پر کامیاب آپریشن کرکے علاقے کو شرپسندوں سے کلیئر کردیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فرنٹیر کور کی کاوشوں کے نتیجے میں ڈیرہ بگٹی اور اسکے اطراف میں دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے اور بچے کھچے عناصر کے خلاف ڈیرہ بگٹی کے عوام کے تعاون سے جلد کامیابی حاصل کرینگے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کی قربانیوں کی بدولت آج بلوچستان کے چپے چپے میں امن کا پرچم لہرایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک بیٹھے لوگ شاہانہ زندگی گزار رہے ہیں مگر غریب بلوچ عوام کو اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کر رہے ہیں لیکن اب ڈیرہ بگٹی سمیت بلوچستان کے لوگ امن کے قیام کیلئے سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیرداخلہ میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ آپریشن کے دوران نہ تو کسی گھر کو نقصان پہنچایا گیا ہے اور نہ ہی کسی خاتون اوربچے کو گرفتار کیا گیا ہے۔