آئند بجٹ میں تعلیم اور امن وامان کو ترجیح دی جائے گی،میر عاصم کر دگیلو

کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ پورے سال یا صرف 4ماہ کا بجٹ پیش کیا جائے ،الیکشن کمیشن کی جانب سے بھرتیوں اور ترقیاتی منصوبوں پر عائد پابندی کے ترقیاتی عمل پر منفی اثرات مرتب ہونگے،صوبائی وزیر سی اینڈ ڈبلیو

ہفتہ 21 اپریل 2018 21:11

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2018ء) صوبائی وزیربرائے مواصلات وتعمیرات میر عاصم کردگیلو نے کہا ہے کہ آئند بجٹ میں تعلیم اور امن وامان کو ترجیح دی جائے گی کابینہ کے اگلے اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ پورے سال یا صرف 4ماہ کا بجٹ پیش کیا جائے ،الیکشن کمیشن کی جانب سے بھرتیوں اور ترقیاتی منصوبوں پر عائد پابندی کے ترقیاتی عمل پر منفی اثرات مرتب ہونگے،یہ بات انہوں نے ہفتے کو این این آئی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی ،میر عاصم گرد گیلو نے کہا کہ کابینہ کی نشست میں بجٹ کا جائزہ لیا گیا ہے آئندہ چند روزمیں ایک اور نشست ہوگی جس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ بجٹ کے خدوخال کیا ہونگے اور کتنی مدت کا بجٹ پیش کیا جائیگا ،انہوں نے کہا کہ نئے بجٹ میں تعلیم کے لئے 22 فیصد رقم رکھنے کی تجویز زیر غورہے جبکہ امن و امان پر بھی بجٹ کا بڑا حصہ خرچ کیا جائے گا کیونکہ امن وامان کے بغیر کچھ بھی ممکن نہیں انہوں نے کہا کہ اب تک الیکشن کا اعلان نہیں ہوا اورالیکشن کمیشن نے پابندی عائد کردی ہے اس سے صوبے کے ترقیاتی عمل کو نقصان پہنچ رہا ہے یہ پابندی غلط ہے میرا خیال ہے کہ الیکشن کمیشن کو یہ پابندی عام انتخابات کا اعلان ہونے کے بعد عائد کرنی چاہیے تھی ،انہوں نے بتا یا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور سیکرٹری فنانس بجٹ سے متعلق اجلاس میں بتائیں گے کہ بجٹ کا کتنا حصہ خرچ ہو سکا اور کتنا نہیں