علامہ محمد اقبالؒ ایک عظیم دانشور تھے، ان کی شاعری ہمارے لئے مشعل راہ ہے، محمد شہبازشریف

ہفتہ 21 اپریل 2018 21:07

علامہ محمد اقبالؒ ایک عظیم دانشور تھے، ان کی شاعری ہمارے لئے مشعل راہ ..
لاہور۔21 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ علامہ محمد اقبالؒ ایک عظیم دانشور تھے، ان کے افکار اور نظریات آج بھی ہماری رہنمائی کرتے ہیں۔پاکستان کا بطور ایک آزاد ،اعتدال پسند ، جمہوری اور فلاحی ریاست کا قیام علامہ اقبالؒ کی سوچ اور فکر کا مرہون منت ہے ۔ 21اپریل عظیم سوچ رکھنے والے مفکر علامہ محمد اقبالؒ کی شاعری، افکار اور فلسفے پر عمل پیرا ہونے کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقبالؒ کی مسلمانو ں کیلئے علیحدہ مملکت کے قیام کی تجویزان کی سیاسی بصیرت کی عکاس ہے۔ انہوں نے نئی نسل میں انقلابی روح پھونکی اور اسلامی عظمت کو اجاگر کیا۔ علامہ اقبالؒ کے تصور پاکستان کو سمجھنے کی جتنی اشد ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اقبالؒ کی شاعری ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ نوجوان اقبال ؒکے بتائے ہوئے راستے پر چل کر ملک میں حقیقی معنوں میں تبدیلی لا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کی شاعری اورافکار پر عمل پیراہوکرہی ہماری زندگیوں میں انقلاب آئے گا اور پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کی شاعری و افکار پر عمل پیرا ہو کر آزادنہ، منصفانہ اور عادلانہ معاشی و سماجی نظام قائم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔