وزیر کیڈنے حلقے میں اپنے ووٹوں کی تعداد بڑھانے کیلئے تعلیم کے شعبہ کو ہتھیار بنالیا

سکول پرنسپلز کو وزارت کی چٹوں پر داخلے دینے کا حکم، والدین پریشان، میرٹ کا جنازہ نکال دیا گیا ۔ مستحق طلبا و طالبات کی بجائے سفارش و پیسہ کام دکھانے لگا، چیف جسٹس سے نوٹس لینے کا مطالبہ

ہفتہ 21 اپریل 2018 21:00

وزیر کیڈنے حلقے میں اپنے ووٹوں کی تعداد بڑھانے کیلئے تعلیم کے شعبہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2018ء) وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری نے این اے 49میں اپنے ووٹوں کی تعداد بڑھانے کیلئے سکول پرنسپلز کو وزارت کی چٹوں پر داخلے دینے کا حکم دے دیا ، والدین پریشان، میرٹ کا جنازہ نکال دیا گیا ۔ مستحق طلبا و طالبات کی بجائے سفارش و پیسہ کام دکھانے لگا ۔ متاثرہ طالب علموں اور والدین نے طارق فضل چوہدری کے خلاف احتجاجی تحریک کے علاوہ چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان سے سوموٹو ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

گزشتہ چند ہفتوں سے سالانہ امتحانات 2017-18کے بعد دار الحکومت اسلام آباد کے تمام سکولوں میں نئے طلبا و طالبات کے داخلے ہورہے ہیں جسکے لئے تمام سکولوں کے ٹیسٹ انٹرویو مکمل ہوئے ہین۔ نجی تعلیمی اداروں میں پہلی پوزیشنوں پر آنے والے طلباو طالبات ٹیسٹ انٹر ویو پاس کرنے کے باوجود خوار ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

تمام سکولوں کے پرنسپلز اور وائس پرنسپلز نے حکم جاری کیا ہے کہ وہ متعلقہ وزیر یا سیکرٹری کی سفارش لیکر آئیں تب داخلہ ملے گا۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اس سلسلے میں وزیر کیڈ نے تمام سکولز کے متعلقہ حکام کو تحریری طور پر ہدایات جاری کی ہیں کہ متعلقہ وزارت کی اجازت کے بغیر کسی بھی طالب علم کو داخلہ نہ دیا جائے ۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وزارت تعلیم کے تمام ذیلی اداروں کے پرنسپلز نے ایڈمن کو آگاہ کیا ہے کہ انہی طلبا و طالبات کو داخلے دئیے جائیں جن کی منظوری وزارت کیڈ جاری کرتی ہے۔ یاد رہے کہ دو ماہ بعد ملک میں نگران سیٹ اپ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جسکے باعث طارق فضل چوہدری آئندہ انتخابات میں اپنے ووٹ بڑھانے کیلئے صرف ن لیگ کے ووٹرز اور سپورٹرز کے بچوں کو ہی داخلے دلوا رہے ہیں۔