Live Updates

سینیٹ الیکشن میں ووٹ فروخت نہیں کیا ، سردار ادریس

ہفتہ 21 اپریل 2018 20:23

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی سردار ادریس نے کہا ہے کہ وہ قرآن پر حلف اٹھا کر کہتے ہیں کہ انہوں نے سینیٹ الیکشن میں ووٹ فروخت نہیں کیا ہے۔وزیراعلیٰ کی جانب سے فراہم کی گئی فہرست کے مطابق انہوں نے سینیٹ کا ووٹ دیا ہے۔الیکشن کمشنر ووٹوں والا تھیلا کھولیں ،حقیقت سامنے آجائے گی۔

ہر دور میں سازشی ٹولہ نے منظم سازش کے ذریعے انہیں عوام کی خدمت سے روکنے کی کوشش کی۔وہ ہفتہ کے روز پریس کلب ایبٹ آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر سرکل گلیات سے منتخب ممبران ضلع وتحصیل کونسلر کے علاوہ سردار ادریس کے ووٹرز اورسپورٹرز کی بڑی تعداد موجود تھی۔سردار ادریس نے قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر سینیٹ الیکشن میں ووٹ فروخت کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق انہوں نے سینیٹ کے الیکشن میں ووٹ دیا ہے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے ان پر ووٹ فروخت کرنے کا الزام ان کا مؤقف سنے بغیر عائد کیا گیا ہے۔انہوں نے چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ سینیٹ الیکشن کے ووٹوں کا تھیلا کھولا جائے ،حقیقت کھل کر سامنے آجائے گی۔سردار ادریس نے کہا کہ انہوںنے اپنی جائیداد فروخت کرکے سیاست کی ہے۔ووٹ فروخت کرنے کاالزام عائد کرکے ان کے ووٹرزکی تذلیل کی گئی ہے۔وہ تحریک انصاف کے کارکن تھے،ہیں اوررہیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات