سپریم کورٹ نے مرغی کے گوشت اور خوراک کی رپورٹ مثبت آنے پر پولٹری فیڈ سے متعلق از خود نوٹس نمٹا دیا

خوشی ہے مرغی کا گوشت اورفیڈ مضرصحت نہیں اور کھانے کے قابل ہے‘ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے ریمارکس

ہفتہ 21 اپریل 2018 19:46

سپریم کورٹ نے مرغی کے گوشت اور خوراک کی رپورٹ مثبت آنے پر پولٹری فیڈ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اپریل2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے پولٹری فیڈ سے متعلق از خود نوٹس مرغی کے گوشت اور خوراک کی رپورٹ مثبت آنے پر نمٹا دیا،چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ خوشی ہے کہ مرغی کا گوشت اورفیڈ مضرصحت نہیں اور کھانے کے قابل ہے ۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں از خود نوٹس کی سماعت کی ۔

سیکرٹری لائیو سٹاک نسیم صادق اور سینئر پروفیسر فیصل مسعود سمیت دیگر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ مرغی کے گوشت کی رپورٹ طلب کی گئی تھی۔جس پر پروفیسر مسعود نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ مرغی کا گوشت مضر صحت نہیں تاہم مرغی کے پنجوں میں جراثیم پائے جاتے ہیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ کے شکرگزارہیں، ہردکان اسٹورپرجاکر رپورٹ تیارکی ہے۔

خوشی ہے کہ مرغی کا گوشت مضر صحت نہیں اور کھانے کے قابل ہے ۔ عدالتی معاون نے بتایا کہ تحصیل لیول پرانسپکٹرزتعینات کر دیئے گئے ہیں جو رپورٹس دیں گے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اچھی بات ہے کہ ہمارے معاملات جلد حل ہوں۔چیف جسٹس پاکستان نے مرغیوں کے ناقص گوشت اور فیڈ سے متعلق از خود نمٹا دیا۔