چیف جسٹس نے ڈاکٹر توقیر شاہ کی جنیوا میں تعیناتی کا نوٹس لے لیا‘توقیر شاہ بھی طلب

سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو تقرری کا نوٹیفکیشن ،ْمکمل سروس ریکارڈ پیش کر نے کی ہدایت خواجہ سلمان صاحب ڈاکٹر توقیر کو باہر کیوں بھیجا گیا آپکے چہرے کے رنگ کیوں بدل رہے ہیں ‘ میں اپنی ذات کی حد تک ذمہ دار ہوں‘ چیف جسٹس اور وزیر صحت میں مکالمہ ،جنیواکہاں ہیں ‘ چیف جسٹس /سوئٹرز لینڈ میں ہے ‘کیپٹن (ر) زاہد سعید سنا ہے سوئٹزرلینڈ بہت خوبصورت اور پیسے ویسے رکھنے کے حوالے سے بڑا اچھا ملک ہے‘ جسٹس ثاقب نثار

ہفتہ 21 اپریل 2018 19:46

چیف جسٹس نے ڈاکٹر توقیر شاہ کی جنیوا میں تعیناتی کا نوٹس لے لیا‘توقیر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اپریل2018ء) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے وزیراعلی پنجاب کے سابق پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر توقیر شاہ کی جنیوا میں تعیناتی کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو تقرری کا نوٹیفکیشن پیش کرنے کا حکم ،ْ مکمل سروس ریکارڈ اورآئندہ سماعت پر ڈاکٹر توقیر شاہ کو بھی طلب کرلیا جبکہ مفاد عامہ سے متعلق ایک کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے وزیر صحت سے استفسار کیا ہے کہ خواجہ سلمان صاحب ڈاکٹر توقیر شاہ کو باہر کیوں بھیجا گیا آپ کے چہرے کے رنگ کیوں بدل رہے ہیں جس پر خواجہ سلمان رفیق نے جواب دیا کہ میں اپنی ذات کی حد تک ذمہ دار ہوں۔

ہفتہ سپریم کورٹ رجسٹری میں ایک کیس کی سماعت کے دور ان چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ سنا ہے ڈاکٹر توقیر کی وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کے لیے بہت خدمات ہیں۔

(جاری ہے)

جسٹس میاں ثاقب نثار نے چیف سیکرٹری کیپٹن (ر ) زاہد سعید سے استفسار کیا کہ توقیر شاہ بیرون ملک کہاں تعینات ہیں جس پر چیف سیکرٹری نے بتایا کہ ڈاکٹر توقیر شاہ کو جنیوا میں ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں بھیجا گیا ہے۔

چیف جسٹس نے مزید استفسار کیا کہ بتایا جائے کس کی سفارش پر تقرری کی گئی اور یہ جنیواکہاں ہیں ۔جس پر چیف سیکرٹری نے کہا کہ جنیوا سوئٹرز لینڈ میں ہے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ سنا ہے سوئٹزرلینڈ بہت خوبصورت اور پیسے ویسے رکھنے کے حوالے سے بڑا اچھا ملک ہے۔ چیف سیکرٹری نے جواب دیا کہ جی اس کی شہرت اچھی ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ کی شہرت اچھی ہے ،ڈاکٹر توقیر شاہ کی نہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ تو بلائیں پھر ڈاکٹر توقیر شاہ کو، انہوں نے وزیر اعلی سیکرٹریٹ کے بڑے مزے لوٹے ہیں۔چیف جسٹس نے چیف سیکرٹری سے سوال کیا کہ آج کل وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری کون ہیں جس پر انہیں بتایا گیا کہ امداد اللہ بوسال ہیں اور بہت شریف النفس انسان ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ضرورت محسوس ہوئی تو وزیر اعلی پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری امدادللہ بوسال کو بھی بلایا جائے گا۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے وزیراعلی پنجاب کے سابق پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر توقیر شاہ کی جنیوا میں تعیناتی کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو تقرری کا نوٹیفکیشن پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے مکمل سروس ریکارڈ اورآئندہ سماعت پر ڈاکٹر توقیر شاہ کو بھی طلب کرلیا۔